کرغزستان سے 205 طلباء کو لے کر پہلی پرواز کراچی پہنچ گئی

جمعرات 23 مئی 2024 13:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) کرغزستان میں پھنسے ہوئے 205 طلباء کو لے کر پہلی پرواز جمعرات کی صبح بشکیک سے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر سندھ کے مختلف شہروں اور قصبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کے والدین اور رشتہ دار بھی موجود تھے۔پرواز میں سوار 205 طلباء صوبائی حکومت کے خصوصی انتظامات کے ساتھ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اب تک 55 لڑکیوں اور 150 لڑکوں سمیت 205 طلبا کو واپس لایا جا چکا ہے جبکہ باقی 180 کو جلد واپس لایا جائے گا۔ بقیہ 180 طلباء میں سے 6 زخمی بتائے جاتے ہیں لیکن ان کی حالت مستحکم ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کرغزستان سے واپس آنے والے 205 طلباء میں سے 99 کا تعلق کراچی، 22 کا حیدرآباد، 13 کا خیرپور، 15 کا نوشہرو فیروز، 12 کا سکھر اور نواب شاہ، 5 کا تعلق بدین، دادو، میرپورخاص اور جیکب آباد سے، 3 کا تعلق کراچی سے ہے۔

ٹنڈو آدم، جامشورو اور کشمور سے 2،2 اور کندھ کوٹ، پنوعاقل اور تھرپارکر سے ایک ایک طلباء کو واپس لایا گیا ہے۔ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کرغزستان میں طلبہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد وزارت خارجہ سے رابطہ کیا گیا اور صوبائی حکومت نے ان کی واپسی کے لیے فلائٹ انتظامات کیے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ حکومت پہلے دن سے ہی والدین اور کرغزستان میں پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ رابطے میں ہے۔طلباء نے کرغزستان میں آواز اٹھانے اور طلباء کی مدد کرنے پر وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کا شکریہ ادا کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں