قربانی کے جانور بیچنے والے بیوپاریوں کو تنگ نہ کیاجائے، جے یو آئی

ْعیدالاضحی قریب آتے ہی سرکاری اداروں کے نام پر تاجروں کو ہراساں کیاجارہاہے، حافظ احمدعلی

جمعرات 23 مئی 2024 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) جمعیت علماء اسلام (رابطہ) پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل حافظ احمدعلی،صوبائی صدریوتھ ونگ رانامحمدصابر ودیگر نے بھینس کالونیوں اور مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانور بیچنے کے لئے رکھنے والوں سے بھتہ ورشوت طلبی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ قربانی اسلام کا اہم ترین فریضہ ہے لیکن پاکستان میں عیدالاضحی قریب آتے ہی سرکاری اداروں کے نام پر رشوت اور بھتہ طلبی کے لئے تاجروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ شروع کردیاجاتاہے جو انتہائی افسوسناک اور اسلام کے اہم فریضے میں رکاوٹ کے مترادف ہے۔

یہ باتیں انہوں نے سرجانی کیٹل کالونی کے تاجروں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہیں۔ بیوپاریوں نے بتایاکہ کچھ لوگ سرکاری اداروں کا نام لے کر ہراساں کررہے ہیں، جنہوں نے پہلے باڑوں میں جانور رکھنے پر فی جانور بھتہ طلب کیا اور نہ دینے پر سنگین نتائج کی دھمکی دی ،اب تجاوزات کی آڑ میں باڑے مسمار کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تاجروں کا کہناتھاکہ تنگ آمد بجنگ آمد کے تحت اگر کوئی ہمارے جائز کاروبار کے آڑے آئے گا تو ہم نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی ہیں۔ اس موقع پر حافظ احمدعلی نے یقین دلایاکہ جے یوآئی آپ کے ساتھ ہے اور بیوپاریوں کے مسائل حل کروانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ بیوپاریوں میں اشتعال کی لہر ایک خاموش طوفان کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہے، دوسری جانب مذہبی فریضے کی ادائیگی میں رکاوٹ اسلام دشمنی کے مترادف ہے لہٰذا ہم انتظامیہ کو متنبہہ کرتے ہیں کہ رشوت خور مافیا کو لگام دی جائے اور بیوپاریوں کو چین اور سکون کے ساتھ کاروبار کرنے دیاجائے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں