پنشنرز کی خدمات محکمہ پولیس کیلئے قابل تعریف ہیں، ڈی پی او خانیوال

منگل 15 جنوری 2019 22:58

خانیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) پنشنرز کی خدمات محکمہ پولیس کیلئے قابل تعریف ہیں بلاشبہ آپ نے عوام کے جان ومال کے تحفظ اور محکمہ کے وقار کو بڑھانے کیلئے اپنی قیمتی زندگی کا ایک حصہ صرف کیا ہے محکمہ پولیس کی جانب سے آپ کے جائز مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں گے ۔ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرمحمد معصوم نے اپنے دفتر میں ریٹائرڈ پولیس ملازمین سے ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔

انہوں نے کہاکہ پولیس سروس ایک سخت جان جاب ہے اور لوگوں کے مسائل کے حل کیلئے بنیادی ادارہ بھی ہے، محکمہ پولیس کی نیک نامی کا انحصار آپ لوگوں کے کردار پر ہے کیونکہ جب ملازم اپنے فرائض منصبی ایمانداری اور لوگوں کی خدمت کو اپنا شعار بناتا ہے تو محکمہ کا وقار بلند ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میٹنگ کرنے کا مقصد آپ کی خدمات کا اعتراف اور آپکو درپیش مسائل کو جاننا ہے کیونکہ آپ لوگوں نے بھی اپنی قیمتی زندگیوں کو لوگوں کی جان ومال کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کیلئے صرف کیا ہے اور آ پ کی یہ خدمات قابل تعریف ہیں آپ محکمہ کا اثاثہ اور وقار ہیں اور آپ کی انہی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز دی جارہی ہیں ۔

ڈی پی او نے کہاکہ آپ اپنے جائز مسائل کے حل کیلئے کسی بھی وقت میرے پاس آئیں آپ کے مسائل کو ہنگامی بنیادوں پر حل کیا جائیگا ۔بعدازاں ڈی پی اومحمد معصوم نے ریٹائرڈ پولیس افسران و ملازمین میں اعزازی شیلڈز اور گلدستے پیش کیے۔

متعلقہ عنوان :

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں