190ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

جمعرات 9 مئی 2024 17:06

190ملین پاؤنڈ کیس، عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2024ء) ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کردی۔چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی، عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ، قومی احتساب بیورو (نیب) پراسیکیوٹر امجد پرویز اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے آغاز پر نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ لاہور کے افسوسناک واقعے کی وجہ سے وکلا ہڑتال پر ہیں، میں لاہور سے آیا ہوں یہ ہائی پروفائل کیس ہے میڈیا پر چلنا ہے، یہ میرے لیے شرمندگی کا باعث ہو گا۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ لاہور میں گزشتہ روز جو ہوا وہ بہت افسوسناک ہے لیکن ہم بطور عدالت مظاہروں کی توثیق نہیں کر سکتے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔امجد پرویز نے کہا کہ آپ بانی پی ٹی آئی کے وکیل کی مرضی کی کوئی آئندہ کی تاریخ رکھ لیں، آپ روزانہ کی بنیاد پر کیس سن لیں لیکن میری استدعا ہے کہ آج نہ سنیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ہم وکلا برادری کو سمجھتے ہیں لیکن کام تو چلتے رہنا ہے، ہڑتال کی وجہ سے کیس کی سماعت تو ملتوی نہیں کر سکتے۔

پراسیکیوٹر امجد پرویز نے اپنے دلائل دیتے ہوئے بتایا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کا دفتر وزیراعظم سیکریٹریٹ میں بنایا گیا، ایسٹ ریکوری یونٹ براہ راست وزیراعظم کو رپورٹ کرتا تھا، ایسٹ ریکوری یونٹ کی طرف سے نیشنل کرائم ایجنسی کو ملک ریاض کے منی لانڈرنگ کیسز سے متعلق خط لکھا گیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ کی تشکیل کو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں دیکھا جا چکا ہے، نیب پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملک ریاض نے برطانیہ میں ون ہائیڈ پارک پراپرٹی حسن نواز سے خریدی۔

اس پر عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے کہاکہ حسن نواز کا یہ بھی بتا دیں کہ وہ کس کے بیٹے ہیں،نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے جواب دیا کہ وہ سب کو معلوم ہے، حسن نواز سے متعلق برطانیہ میں اس پراپرٹی سے متعلق کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔امجد پرویز نے کہا کہ شہزاد اکبر ملک ریاض کی رقم این سی اے سے غیر منجمند کرانے کے لیے ایک خفیہ ڈیڈ پر دستخط کرتے ہیں، وفاقی کابینہ سے بند لفافے میں خفیہ ڈیڈ کی منظوری لی گئی، خفیہ ڈیڈ وفاقی کابینہ کی طرف سے شہزاد اکبر نے نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ کی، این سی اے نے ملک ریاض اور ان کی فیملی کی رقم منجمد کی۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے استفسار کیا کہ این سی اے نے وہ رقم کیوں منجمد کی نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے جواب دیا کہ این سی اے نے رقم مشکوک ہونے کی وجہ منجمد کی تھی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ملک ریاض اور فیملی کی رقم پاکستان میں سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں آئی، نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز نے بتایا کہ یہ ایک غیرقانونی عمل ہے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ جہاں کچھ غیرقانونی ہو وہ آپ بتائیے گا پہلے میں سمجھ تو لوں۔بعد ازاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 13 مئی تک ملتوی کر دی، پیر کو بھی نیب پراسیکیوٹر امجد پرویز دلائل جاری رکھیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں