طلباءوطالبات کے درمیان ''بچوں کا قائد اعظم '' کے عنوان سے تقریری مقابلہ

جمعہ 25 دسمبر 2020 16:01

خضدار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2020ء) ریڈیو پاکستان خضدار کی جانب سے 25 دسمبر کو یوم پیدائش قائد اعظم کے حوالے سے ریڈیو پاکستان خضدار کے سبزہ زار میں میٹرک تک کے طلباءوطالبات کے درمیان ''بچوں کا قائد اعظم '' کے عنوان سے ایک تقریری مقابلہ منعقد ہوا جس میں خضدار کے 12مختلف اسکولوں کے طلباءوطالبات نے سرگرمی سے حصہ لیا۔ اس تقریب کے مہمان خاص ڈپٹی کمشنر خضدار ولی محمد بڑیچ تھے جبکہ منصفین کے فرائض پروفیسر عبدالحکیم اور پروفیسر فیاض جمالی نے ادا کئے۔

مقابلے میں شریک تمام بچوں نے خوبصورت انداز میں قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور بچوں سے ان کی محبت اور امیدوں کو بھرپور انداز میں بیان کیا۔ پروگرام کے آخر میں تمام بچوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خضدار ولی محمد بڑیچ نے کہا کہ میں اس مقابلے میں شریک بچوں کی کارکردگی سے بہت جوش اور مطمئن ہوں اور ان کے حوصلے کی داد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپ دل لگا کر پڑھیں اور اپنے ملک اور قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت آپ لوگوں کا ہے اور اس وقت کو کارآمد بنانے اور آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے قاہد اعظم کے ارشادات ہماری بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔ انہوں نے بچوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ میں صلاحیت کی کوئی کمی نہیں اسی لیے بابائے قوم نے آپ سے امیدیں وابستہ کرتے ہوئے آپ کو اپنی تمام تر توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز کرنے کی تلقین کی ہے کیونکہ اسی میں آپ کی کامیابی اور وطن کی خوشحالی کا راز چھپا ہے۔

آخر میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں نقد رقم اور کتابوں کی صورت میں انعامات تقسیم کیے گئے جبکہ مقابلے میں شریک تمام طلباءوطالبات اور ججوں میں کتابیں تقسیم کی گیئں۔

خضدار میں شائع ہونے والی مزید خبریں