کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کا ر لائے جارہے ہیں،سیکرٹری زراعت

ہفتہ 20 اپریل 2024 22:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہوکی زیر صدارت کپاس کی فصل کے بارے میں منعقدہ دوسرے اجلاس میں فصل کی موجودہ صورت حال کاجائزہ لیا گیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں کپاس کی کاشت 40 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کی جائے گی ۔کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل اور ذرائع بروئے کا ر لائے جارہے ہیں۔

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے مزید کہا کہ ڈویژنل ڈائریکٹر کپاس کی کاشت و پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے فیلڈ میں جاری سرگرمیوں میں مزید تیزی لائیں۔ اہداف کے حصول کیلئے جاری فیلڈ سرگرمیوں میں کسی قسم کی سستی، غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یکم مئی سے فیلڈ اسسٹنٹ سے ڈویژنل ڈائریکٹر تک تمام عملہ کی فیلڈ سرگرمیوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ سٹاف کی کمی کو پوراکرنے کیلئے ریٹائرڈ زراعت آفیسرزوفیلڈ اسسٹنٹس کی خدمات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈویژنل وڈسٹرکٹ کمیٹیوں کے اجلاس باقاعدگی سے منعقد کئے جائیں اور کپاس کی کاشت کیلئے زرعی مداخل،نہری پانی کی فراہمی و دیگر متعلقہ مسائل کمیٹیوں میں اجاگر کئے جائیں تاکہ انتظامیہ کے تعاون سے ان پر قابو پایا جاسکے۔

ڈویژن وڈسٹرکٹ ٹیکنیکل کاٹن مینجمنٹ کمیٹیوں کے اجلاس میں بھی فیلڈز میں منعقد کئے جائیں اور فصل اور موسم کی موجودہ صورت حال کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزری جاری کی جائے۔سیکرٹری زراعت پنجاب نے مزید کہا کہ کسانوں کا معاشی استحصال کرنے والے عناصر کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔مارکیٹ میں معیاری بیج و دیگر زرعی مداخل کی مقرر کردہ قیمتوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے مانیٹرنگ کے عمل میں بہتری لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت کے تمام عملہ کو متفرق ڈیوٹیوں سے واپس بلا لیا گیا ہے۔انہوں نے متعلقہ فارمیشنز کو ہدایت کی کہ کپاس کی کاشت کا صحیح ڈیٹا مرتب کیا جائے۔خریف سیزن کے دوران یوریا کھاد کی وافر سپلائی کیلئے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے کہا کہ کپاس کی کاشت اور پیداوار میں جنوبی پنجاب کا 90 فیصد سے زائد حصہ ہے۔

کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے آئی پی ایم ماڈل پر عملدرآمد کیا جائے گا۔کپاس کی فصل پر ابتدائی 60دن تک کسی قسم کے بھی کیمیکل کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ،چئیرپرسن نیشنل سیڈ اتھارٹی پروفیسر ڈاکٹر را آصف علی، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب،شبیر احمد خان،کنسلٹنٹ محکمہ زراعت ڈاکٹر انجم علی،ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع ڈاکٹر اشتیاق حسن، ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول،ڈائریکٹر جنرل زراعت (کراپ رپورٹنگ) ڈاکٹر عبدالقیوم اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں سمیت خالد محمود کھوکھر،سید حسن رضا،ڈاکٹر اقبال بندیشہ،آصف مجید،محکمہ انہارو دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر سمیت کمشنر بہاولپور وملتان کے نمائندوں نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں