وزیراعلیٰ پنجاب کا 400 ارب روپے سے زائد کا زرعی پیکج کاشتکاروں کی خوشحالی کےلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا،وزیر زراعت

جمعہ 26 اپریل 2024 16:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا400 ارب روپے سے زائد کا" ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر" پلان زرعی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کےلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے زراعت ہاوس لاہور میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان کی ٹائم لائن کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت نے کہا کہ کاشتکاروں کو300 ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کےلئے تمام انتظامات تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں،بلا سود قرضوں کی سکیم محکمہ زراعت پنجاب اور بینک آف پنجاب کے باہمی اشتراک سے جاری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت5 لاکھ کاشتکاروں کو بلا سود قرضوں کی سہولت فراہم کی جائے گی،اس سکیم کی شفافیت کو یقینی بنانے کےلئے پنجاب کسان کارڈ کا اجرا جلدکیا جا رہا ہے۔

وزیر زراعت نے کہاکہ صوبہ بھر میں7 ہزار ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا،اس کے علاوہ کاشتکاروں کو5 ہزار سپر سیڈر اور2 ہزار رائس شریڈر60 فیصد سبسڈی پر فراہم کئے جا ئیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں80 ارب روپے کی لاگت سے7300 کھالہ جات کی اصلاح و پختگی کی جائے گی،شعبہ زراعت توسیع کی تنظیمِ نو پر2 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے،کاشتکاروں کو بہتر توسیعی سروسز کی فراہمی کےلئے500 زرعی گریجوایٹس کنٹریکٹ پر بھرتی کئے جائیں گے۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں۔کپاس،گندم اور چاول کی کوالٹی اور پیداوار میں اضافے کےلئے جدید ترین ریسرچ سینٹرز قائم کئے جا رہے ہیں،معیاری کھادوں اور زرعی ادویات کی مقرر کردہ قیمتوں پر فراہمی کےلئے قانون سازی کی جا رہی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری لائیو اسٹاک مسعود انور،سپشل سیکرٹری زراعت محمد شہنشاہ فیصل اعظم،ایڈیشنل سیکرٹری زراعت(پلاننگ)کیپٹن(ر) وقاص رشید،ڈائریکٹر جنرل زراعت پیسٹ وارننگ ڈاکٹر عامر رسول اور ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں