دھان کو زرعی زہروں سے پاک رکھنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں، محمد شبیر احمد خان

جمعرات 23 مئی 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2024ء) ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ٹاسک فورس پنجاب محمد شبیر احمد خان نے کہا ہے کہ دھان اور سبزیوں کی باقیات کو زرعی زہروں سے پاک رکھنے کیلئے 31 کروڑ 77 لاکھ روپے کی لاگت سے جامع منصوبے پر عمل درآمد کیا جارہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل پسرور میں محکمہ زراعت کے زیر اہتمام کاشتکاروں کی آگاہی کیلئے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد کاشتکاروں کو دھان کی باقیات پر زرعی زہروں کے مضر اثرات سے آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ کاشتکارآئی پی ایم کے جدید طریقوں پر عمل پیرا ہو کر دھان اور سبزیوں کی باقیات کو زرعی زہروں سے پاک رکھ سکیں تاکہ بین الاقوامی سطح پر ان زرعی اجناس کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت بیسٹ وارننگ اینڈ کوالٹی کنٹرول آف پیسٹی سائیڈ پنجاب ڈاکٹر عامر رسول نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت سالانہ 25 ہزار کاشت کاروں اور توسیعی کارکنان کی کپیسٹی بلڈنگ کی جا رہی اور انہیں دھان کو زرعی زہروں کے اثرات سے پاک رکھنے کے طریقہ کار بتائے جا رہے ہیں،اس منصوبے کے تحت انہیں آئی پی ایم کے جدید طریقوں بارے معلومات بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ دھان اور سبزیات پر زہروں کا چھڑکائو کم سے کم کیا جائے۔

سیمینار میں رائس ایکسپورٹ پاکستان کے نمائندوں،کاشتکاروں اور محکمہ زراعت کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں