بجلی مہنگی کرکے عوام پر 24ارب کا بوجھ ڈالنا تشویشناک ہے‘میاں خرم الیاس

جمعہ 22 نومبر 2019 20:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2019ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے نیشنل ایلکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت ماہ ستمبر کیلئے بجلی کی مد میں1روپے 83پیسے فی یونٹ اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی مہنگی کرکے عوام پر24ارب روپے کا اضافہ بوجھ ڈال دیا گیا جس کا زیادہ اثر صنعتی شعبہ پر پڑے گا۔

انہوںنے کہا کہ ایک طرف تو حکومت بجلی وافر ہونے اور اضافی بجلی استعمال کرنے پر بجلی کی قیمتوں میں کمی کے اشتہارات شائع کروارہی ہے جبکہ دوسری طرف بجلی استعمال کرنے والوں پر فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مسلسل بوجھ ڈال رہی ہے انہوںنے کہا کہ اگر بجلی وافر ہے تو عوام کو سستی بجلی فراہم کی جائے اور فی یونٹ کمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے لیکن حکومت بجلی مہنگی کرکے عوام کو تکلیف دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ مہنگی بجلی صنعتی ترقی اور ملکی برآمدات میں اضافہ کی راہ میں رکاوٹ ہے اشیاء مہنگی ہونے سے ملکی برآمدات میں کمی ، تجارتی خسارہ میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر کم ہونگے اور حکومتی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔انہوںنے کہا کہ بجلی مہنگی ہونے سے پیداواری لاگت میں اضافہ سے ہوشربا مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا اگر حکومت مہنگائی کو کنٹرول کرنا چاہتی ہے تو اسے بجلی کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینا ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں