قیمتیں کم نہ کی گئیں تو ڈبل روٹی ،دیگر مصنوعات کی خرید اری ،فروخت مکمل بند کر دینگے‘ مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن

وزیر اعظم ،وزیر اعلیٰ میدے، پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کومنتقل کرنے کیلئے سخت اقدامات کریں‘ صدر طاہر ثقلین بٹ

ہفتہ 18 مئی 2024 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن میدے اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ڈبل روٹی سمیت بیکری کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں کمی نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر قیمتیں کم نہ کی گئیں تو تمام برانڈز کی ڈبل روٹی او ر دیگر مصنوعات کی خرید اری اور فروخت مکمل بند کر دیں گے ، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف میدے اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کرنے کیلئے سخت اقدامات کریں ۔

مرکزی کریانہ مرچنٹ ایسوسی ایشن لاہور کے صدر طاہر ثقلین بٹ کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس ہوا جس میں سرپرست ناجی بٹ، چیئرمین رانا منظور،وائس چیئرمین چوہدری لیاقت،سینئر نائب صدور حاجی رمضان، حاجی نواز،چوہدری لیاقت، نائب صدور ابوبکر،ملک وسیم ، محمد شاہد ، اشرف تابانی،جوائنٹ سیکرٹری خالد رشید، جنرل سیکرٹری مقصود الرحمن بھٹی، فنانس سیکرٹری میاں شکیل، سیکرٹری کوارڈی نیشن محمد بوٹا ساجد اور سیکرٹری اطلاعات ذیشان غفور شریک ہوئے ۔

(جاری ہے)

طاہر ثقلین بٹ نے کہا کہ ڈبل روٹی اور دیگر بیکری مصنوعات بنانے والی کمپنیوں کا وطیرہ ہے کہ جب میدے یا پیٹرولیم کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو فوری قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں ، ڈبل روٹی بنانے والے مختلف برانڈز نے سال میں تین مرتبہ قیمتیں بڑھائی ہیں ۔جس وقت میدے کی پچاس کلو کی بوری کی قیمت7500روپے تھی اس وقت بڑی ڈبل 250اور چھوٹی 160میں فروخت ہو رہی تھی جبکہ اب میدے کی بوری کی قیمت4500روپے تک آ چکی ہے جبکہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود ڈبل روٹی سمیت دیگر بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہم الٹی میٹم دیتے ہیں کہ فی الفور قیمتوں میں کمی کی جائے بصورت دیگر آنے والے دنوں میں تمام برانڈز کی ڈبل روٹی اور دیگر مصنوعات کی خرید اورصارفین کو فروخت روک دی جائے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں