یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے زیر اہتمام تعلیمی پالیسی کی ترقی اور تجزیہ کے موضوع پر قومی ورکشاپ کا انعقاد

بدھ 24 اپریل 2024 20:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے مرکزی کیمپس ٹائون شپ میں تعلیمی پالیسی کی ترقی اور تجزیہ کے موضوع پر ایک روزہ قومی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر سے نامور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق ورکشاپ کا اہتمام شعبہ ایجوکیشنل لیڈر شپ اینڈ پالیسی سٹڈیز،یونیورسٹی آف ایجوکیشن نے کیا تھا۔

اس ورکشاپ کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر نظام الدین، پرو ریکٹر، سپیریئر یونیورسٹی و سابق چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے زمینی حقائق اور عصر حاضر کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے شعبہ تعلیم کے لئے پالیسی سازی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی پالیسیوں کی بنیاد تحقیق اور اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونی چاہیے جو ذاتی تعصبات سے بالاتر ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس حقیقت کو سامنے رکھتے ہوئے ہم اس بات کو یقینی بنا سکتے ہیں کہ ہمارا تعلیمی نظام یکساں،جامع اور ہمارے طلباء کو 21 ویں صدی کے چیلنجوں کے لئے تیار کرنے کے لئے موثر ہے۔یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد عالم سعید نے تقریب کی صدارت کی اور ماہرین تعلیم اور پالیسی سازوں کی مسلسل پیشہ وارانہ ترقی کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک متحرک شعبہ ہے اور ہمیں اپنے طلبا کو اعلی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے لیے تازہ ترین رجحانات اور تحقیق سے باخبر رہنا چاہیے۔تقریب کے میزبان ڈاکٹر اعجاز احمد نے شرکا کو ورکشاپ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ورکشاپ میں انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ،کراچی سے نویرا ابرار، ڈاکٹر کرن ہاشمی اور فائقہ عاصم جیسی نامور ماہرین تعلیم و ریسورس پرسنز نے بھی شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں