آج بھی لوگ پنجابی زبان کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کا قحط ہے ‘ سرور بھٹی

حکومت پنجابی فلموں کیلئے جوائنٹ ونچر کرے ،روزگار کے مواقع ،عوام کو تفریح بھی میسر آئیگی ‘ گفتگو

اتوار 12 اگست 2018 12:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) لالی ووڈ کی شاہکار فلم ’’ مولا جٹ ‘‘کے پروڈیوسر سرور بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب کی ثقافت کو نظر انداز کرنے کی بجائے اسے فروغ دینے کی ضرورت ہے ، یہاں آنے والی حکومتیں ہر شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر کی خواہشمند نظر آتی ہیں لیکن بد قسمتی سے فلم انڈسٹری کو کبھی بھی اس طرح کی پیشکش نہیں کی گئی جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے ۔

ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ آج بھی لوگ پنجابی زبان کی فلمیں دیکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کا قحط ہے ۔

(جاری ہے)

پنجاب کی ثقافت کی تصویر کشی کر کے ایسی شاہکار فلمیں تخلیق کی جا سکتی ہیں جس کا ہمسایہ ملک سمیت دنیا میں کہیں مقابلہ نہیں کیا جا سکے گا ۔ اگر ہم ثقافت اور حدود و قیود میں رہ کر کام کریں گے توایسے پراجیکٹس کو ضرور پذیرائی ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تجویز ہے کہ فلم انڈسٹری کیلئے اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے از سر نوپالیسی مرتب کی جائے ۔

فلم انڈسٹری کی سرپرستی کی جائے اور خصوصاً پنجابی فلمیں جن کا دور آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے اس کیلئے جوائنٹ ونچر کیا جائے جس سے نہ صرف ہزاروں ہنر مندوں کو دوبارہ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ عوام کو سستی تفریح کے ساتھ مجموعی قومی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں