وزیر صنعت وتجارت کی زیر صدارت اجلاس،

قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا فیصلہ قائداعظم اپیرل پارک اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے‘میاں اسلم اقبال

جمعرات 18 اکتوبر 2018 16:00

وزیر صنعت وتجارت کی زیر صدارت اجلاس،
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت کا 100روزہ پلان عوام کی ترقی اور خوشحالی کا انقلابی ایجنڈا ہے اور100روزہ پلان پر پوری طرح سے عملدرآمد یقینی بنایا جارہا ہے،آئندہ 5سالوں میں ایک کروڑ روزگارکے نئے مواقع اور 50لاکھ گھر بنائے جائیں گے،محکمہ صنعت وتجارت آئندہ 5سالوں میں میں60لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف پورا کرے گا۔

یہ بات صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے سول سیکرٹریٹ میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔جس میں حکومت کے 100روزہ پلان کے تحت محکمہ صنعت وتجارت کے اہداف کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قائداعظم اپیرل پارک کے منصوبے کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم اپیرل پارک اور سپیشل اکنامک زونز کے قیام اور صنعتوں کے فروغ سے روزگار کے نئے مواقع پیدا کریں گے اور سرمایہ کاری کو فروغ دے کر معاشی سرگرمیوں کو بڑھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں ون ونڈو آپریشن کے اجراء سے سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولتیں ملیں گی۔انہوںنے کہا کہ تربیتی اداروں کو ایک چھتری تلے لانے کے لئے اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ٹیوٹا کے گریجویٹس کو اپنا روزگار شروع کرنے کے لئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کے بڑے پروگرام کا بھی جلد آغاز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹی اوردرمیانے درجے کی صنعتوں کوفروغ دینے سے روزگار کے مواقع بڑھتے ہیں اور پنجاب حکومت ایس ایم ای سیکٹرکے فروغ کے لئے انقلاب آفرین اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں مقررہ اہداف کے حصول کے لئے محنت سے کام کرتے ہوئے آگے بڑھنا ہے اور نتائج دینا ہے۔محکمہ صنعت کے تمام ادارے متحرک انداز میں کام کریں اور مقررہ اہداف کے حصول کے لئے جان لڑادیں۔سیکرٹری صنعت،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن،محکمہ صنعت اور ٹیوٹا کے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں