سعودی شہزاہ خالد بن طلال رہائی کے بعد گھر پہنچ گئے

شہزادی ریم بنت الولید نے خالد بن طلال کی اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر لگا دیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس اتوار 4 نومبر 2018 17:40

سعودی شہزاہ خالد بن طلال رہائی کے بعد گھر پہنچ گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 نومبر 2018ء) سعودی شہزادہ خالد بن طلال رہا ہوگئے، شہزادی ریم بنت الولید نے خالد بن طلال کی اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر لگا دیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب میں نئی انسداد بدعنوانی کمیٹی نے 11 شہزادوں، چار موجودہ اور ’درجنوں‘ سابق وزرا کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔ گرفتار ہونے والوں میں معروف سعودی کاروباری شخصیت شہزادہ الولید بن طلال اور انکے بھائی خالد بن طلال بھی شامل تھے۔

یہ گرفتاریاں اس انسداد بدعنوانی کمیٹی کی تشکیل کے چند گھنٹوں بعد کی گئیں جس کے سربراہ ولی عہد محمد بن سلمان ہیں۔ اس موقعے پر سعودی عرب کے اٹارنی جنرل نے کہا تھا کہ ملک میں حالیہ عشروں کے دوران ایک کھرب ڈالر کی خردبرد ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار افراد کو دارالحکومت ریاض کے رٹز کارلٹن ہوٹل میں رکھا گیا۔ یہ گرفتاریاں گذشتہ برسوں میں سعودی عرب سے آنے والی اہم ترین خبروں میں سے ایک تھی۔

تاہم اس کے بعد بیشتر شہزادوں کو رہا کردیا گیا تھا تاہم ان میں بھی سب سے اہم رہائی ولید بن طلال کی تھی۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر کے مطابق سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے بھتیجے شہزادہ خالد بن طلال ایک سال قید میں رہنے کے بعد بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے۔ اہل خانہ نے شہزادے کی رہائی کی تصدیق کی ہے تاہم سعودی حکومت کی جانب سے تاحال تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔

ٹویٹر پر شہزادی ریم بنت الولید نے خالد بن طلال کی اہل خانہ کے ہمراہ تصاویر شیئر کی ہیں جس میں وہ با اعتماد اور پُر مسرت نظر آرہے ہیں اور اپنے بیٹے کو گلے لگا رہے ہیں جو کافی برسوں سے کوما میں ہے۔ شہزادہ خالد بن طلال کے بھائی ولید بن طلال کو بھی کچھ عرصے قبل ہی رہا کیا گیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں