ملک بحرانوں سے گزر رہا ہے، ذاتیات پر حملوں کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘شجاعت حسین

ہماری پارٹی نے پاکستان تحریک انصاف سے اتحاد ملک کے بہترین مفاد اور بحرانوں کے حل کیلئے کیا ہے فواد چودھری کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور معذرت کر لی ہے، بات کو مزید طول دینے کا فائدہ صرف مخالفین کو ہو گا

بدھ 16 جنوری 2019 21:41

ملک بحرانوں سے گزر رہا ہے، ذاتیات پر حملوں کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں‘شجاعت حسین
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے فواد چودھری کے اس بیان پر کہ ہماری مہربانی ہے کہ ہم نے ق لیگ میں فارورڈ بلاک نہیں بنایا پر کہا ہے کہ فواد چودھری کو اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور انہوں نے معذرت بھی کر لی ہے، اس بات کو مزید طول نہ دیا جائے ورنہ فائدہ صرف مخالفین کو ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان مسلم لیگ کے ارکان کم ہیں لیکن یہ یاد رکھنا چاہئے کہ یہی پاکستان مسلم لیگ ایک وقت میں دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت کرتی رہی ہے، حکومتیں آنی جانی چیز ہیں، پارٹیاں کبھی حکومت میں ہوتی ہیں کبھی اپوزیشن میں، ہماری جماعت نے تحریک انصاف سے اتحاد ملک کے بہترین مفاد میں اور بحرانوں کے حل کیلئے کیا ہے۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ ملک اس وقت جن بحرانوں سے گزر رہا ہے اس میں ذاتیات پر حملوں کی بجائے ان بحرانوں کے حل کیلئے حصہ دار بننا چاہئے، کم از کم ایک ایجنڈے پر سب کو مل کر کام کرنا چاہئے وہ ہے معیشت کو سنبھالنا، اگر یہ بھی نہ سنبھال سکے تو ملک میں مہنگائی کا طوفان آئے گا جس کی زد میں ہر چھوٹا بڑا آئے گا خاص طور پر تنخواہ دار طبقہ پر اس کا بہت شدید اثر پڑے گا اس لیے ذاتیات پر حملوں کی بجائے ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں