اگر مجھے لال بتی دکھانے کی کوشش کی گئی تو پہلے ہی مستعفی ہو جاﺅں گا

سب کچھ جہانگیرترین نے کرنا ہے تو ہم آلو چھولے بیچ رہے ہیں،گورنر پنجاب چوہدری سرور

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 23 اپریل 2019 07:26

اگر مجھے لال بتی دکھانے کی کوشش کی گئی تو پہلے ہی مستعفی ہو جاﺅں گا
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل2019ء) کسی شاعر نے کہا تھا کہ”باری سب کی آئے گی یہ ہوا کسی کی نہیں“۔اس وقت ملکی سیاسی صورت حال بھی کچھ ایسی ہی دکھائی دے رہی ہے۔ایک کے بعد ایک وزیر بدلاجا رہا ہے مگر بڑی کرسیوں کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے جن کے حوالے سے کب سے افواہیں گردش میں ہیں۔پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے وزرااعلیٰ اور گورنر صاحبان کے بدلنے کی خبریں تو سنائی دے رہی ہیں مگر گراﺅنڈ پر کچھ ایساہوتا دکھائی نہیں دیتا۔

سینئر صحافی منصور علی خان نے گورنر پنجاب چوہدری سرور سے اپنے پروگرام میں پوچھا کہ جس لیول پر وزرا کی اکھاڑ پچھاڑ کی جا رہی ہے تو کیا انہیں بھی خطرہ ہے کہ انہیں بھی گورنر کے عہدے سے ہٹا دیا جائے گا تو اس سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے جن وزیروں کے بدلنے کا اندیشہ تھا وہ بدل لیے گئے اب اس طرف ہوا نہیں آئے گی۔

(جاری ہے)

جب منصور علی خان نے کہا کہ کہیں آپ کو بھی بنی گالہ سے لال بتی تو نہیں دکھا دی گئی تو اس پر چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ میں عہدوں کے لیے جھکا نہیں کرتا۔جس دن مجھے محسوس ہوا کہ لال بتی کا اشارہ ہونے والا ہے میں اس سے پہلے ہی مستعفی ہو جاﺅں گا۔منصور علی کے ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ بھائی یہ جو بھی باتیں ادھر ادھر ہو رہی ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں اگر سب کچھ جہانگیر ترین نے کرنا ہے تو ہم یہاں آلو چھولے بیچ رہے ہیں۔

یہ جو تاثردیا جا رہا ہے کہ سب کچھ جہانگیر ترین کر رہا ہے اور انہی کا کہنا مانا جا رہا ہے ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ہر بندہ اپنی جگہ پر اہم ہے اور فیصلے وزیراعظم صاحب کر رہے ہیں۔ایسا کچھ بھی نہیں ہے کہ ایک بندہ پارٹی چلا رہا ہے یا اس کی ڈکٹیشن پر سب کچھ ہو رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں