صاف ستھرا اور گرین پاکستان ہی موجودہ حکومت کا وژن ہے ‘صوبائی وزیر انسانی حقوق

ماضی کی حکومتوں نے ماحول کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے اقدامات نہیں کئے ‘اعجاز عالم آگسٹین

اتوار 9 اگست 2020 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اگست2020ء) صوبائی وزیر انسانی حقوق واقلیتی امور اعجاز عالم آگسٹین نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے گذشتہ ایک دہائی کے دوران پنجاب بالخصوص لاہور اپنے درختوں کا تقریبا 70 فیصد حصہ کھو چکا ہے جو کہ ماحولیاتی آلودگی کا بہت بڑا باعث بن چکا تھا تاہم جب سے تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے پاکستان بھر میں بلین ٹری سونامی اور کلین گرین پاکستان جیسی مہم پر کام شروع کیا گیا تاکہ پاکستان کو سرسبزو شاداب بنایا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ بد قسمتی سے ماضی کی حکومتوں نے ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں کئے جبکہ موجودہ حکومت نے حقیقی معنوں میں موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملکر کام کیا اور جسکے ثمرات واضح طور پر محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اعجاز عالم نے گزشتہ روز 15وارث روڈ بشپ ہائوس میں شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا جبکہ اس موقع پر مختلف بشپ صاحبان اور دیگر مذہب سے تعلق رکھنے والی مختلف مذہبی شخصیات بھی موجود تھیں۔

صوبائی وزیر نے اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا اور ملکر ملک پاکستان کی سا لمیت و خوشحالی کے لئے خصوصی دعاء کی ۔میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیرنے کہاکہ آج کل پھر اپوزیشن کا گٹھ جوڑ بن رہا ہے کیونکہ وہ سب اپنی کرپشن بچانے کی کوشش میں ہیں جبکہ سار ی عوا م جانتی ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں احتساب کا عمل بلا تفریق جا ری رہے گا چاہے اس میں کسی بھی جماعت کا نمائندہ شامل ہو کیونکہ انصاف سب کے لئے ہی ایجنڈا ہے ۔

انہوں نے مزیدکہاکہ شجرکاری مہم کا مطلب ہے کہ ہر کوئی آگے بڑھے اور اپنے حصے کا پودا لگائے تاکہ کل کو یہی پودا ایک تناور درخت بن کر ہماری آنیوالی نسلوں کیلئے آکسیجن اور سایہ کا کام کرے۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہاکہ آج کے دن انٹر فیتھ سے منسلک تمام لوگوں کا یہاں جمع ہونا ثبوت ہے کہ پاکستان کو سرسبزو شاداب بنانا ہی ہم سب کا مشترکہ ایجنڈا ہے اور اس کیلئے ہم سب کو ملکر آگے بڑھنے کی مزید ضرورت ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں