پی ڈی ایم کی سیاست اس وقت حالت نزاع میں ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت

اقتدار کی ہوس کی وجہ سے فضل الرحمان اپنی جماعت کا نام جمعیت علمائے اسلام ’’ فنڈ یا فائدہ ‘‘ رکھ لیں‘ مسرت چیمہ

جمعرات 21 جنوری 2021 13:35

پی ڈی ایم کی سیاست اس وقت حالت نزاع میں ہے‘ ترجمان پنجاب حکومت
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2021ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی سیاست حالت نزاع میں ہے اس لئے اتحاد میں شامل تمام جماعتیں بد ترین مایوسی کا شکار ہیں ،اقتدار کی ہوس کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان اپنی جماعت کا نام جمعیت علمائے اسلام ’’ فنڈ یا فائدہ ‘‘ رکھ لیں ،وزیر اعظم عمران خان کے ٹائیگر ضمنی انتخابات میں لوٹ مار ایسوسی ایشن کے متفقہ امیدواروں کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی سر گرمیوں اور سازشوں پر اوس پڑ چکی ہے بلکہ اگر یہ کہا جائے کہ اپوزیشن کے منفی بیانیے کی وجہ سے ان کی سیاست حالت نزاع میں چلی گئی ہے تو غلط نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل کچھ رہنما اتنے مایوس ہیں کہ وہ ملک و قوم کے مفاد کے خلاف بیانات داغنے سے بھی گریز نہیں کرتے جس پر عوام میں شدید تشویش پائی جاتی ہے لیکن ایسا کرنے والے اپنی سیاست کا ستیا ناس کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جاری کیس کے حوالے سے اپوزیشن کو اوپن سماعت کا کھلا چیلنج دیدیا ہے اور انشا اللہ اس کیس میں بھی تحریک انصاف سر خرو ہو گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں