پاکستان 2سال سے کوروناکابڑی بہادری اور مربوط حکمت عملی سے مقابلہ کررہاہے،ڈاکٹریاسمین راشد

جمعہ 17 ستمبر 2021 18:39



لاہور۔17ستمبر  (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر2021ء) :وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے میوہسپتال کے کالج آف آفتھامولوجی اینڈ الائیڈ ویژن سائنسز کے زیر اہتمام تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر کنسلٹنٹ محکمہ صحت پروفیسر ڈاکٹراسداسلم خان،چیئرمین بورڈآف گورنرزپروفیسرڈاکٹرمحمودشوکت،سی ای او میوہسپتال پروفیسرڈاکٹرثاقب سعید،ایم ایس میوہسپتال ڈاکٹرافتخاراحمد،پروفیسرڈاکٹرسہیل سرور،سٹینڈرڈ چارٹرڈ بنک سے فرح عاصم اور سائٹ سیورزتنظیم سے منزہ گیلانی کے علاوہ ڈاکٹرزاور فیکلٹی ممبران موجودتھے۔

تقریب کے آغازمیں پروفیسرڈاکٹراسداسلم خان نے میوہسپتال کی جانب سے مریضوں کیلئے سرانجام دینے والی خدمات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

    صوبائی وزیر صحت نے تقریب کے شرکا سے اپنے خطاب میں کہاکہ اللہ پاک انسانیت کی خدمت کرنے والے شخص کو بہت پسندفرماتاہے۔اس وقت پاکستان کو کوروناکی چوتھی اور خطرناک لہرکا سامناہے۔کوروناکے دوران مریضوں کیلئے آسانیاں پیداکرنے والے تمام ڈاکٹرز،نرسزاور پیرامیڈیکل سٹاف کی خدمات کو عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

پنجاب میں سب سے زیادہ کوروناکے مریضوں کو سہولیات میوہسپتال لاہورنے مہیاکی ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشد نے کہاکہ کورونانے پوری دنیامیں تباہی مچارکھی ہے۔الحمداللہ کورونانے پاکستان کو دوسری دنیاکی نسبت کم نقصان پہنچایاہے۔پنجاب میں کوروناکے مریضوں کو ہرقسم کی طبی سہولت دینے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔آج پوری دنیاکوروناپرقابوپانے کیلئے پاکستان کی جانب سے اپنائی جانے والی حکمت عملی کی معترف ہے۔

صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پاکستان انتہائی احسن طریقے سے کوروناکے مریضوں کا علاج کررہاہے۔ڈاکٹرزخودکوروناسے متاثرہونے کے باوجودمریضوں کاعلاج کرتے رہے۔ پروفیسر ڈاکٹراسداسلم نے کوروناکی چاروں ادوارکے دوران بے مثال فرائض سرانجام دئیے ہیں۔کا م کے بوجھ کے باوجودڈاکٹراسداسلم کے ماتھے پر کبھی بل تک نہیں آیا۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ کوروناکے چاروں ادوارکے دوران ڈاکٹرزکی قربانیاں یادرکھی جائیں گی۔

اللہ پاک خودتکالیف برداشت کرکے دوسرے انسانوں کی خدمت کرنے والے شخص کو بہت پسند کرتاہے۔پاکستان گذشتہ2سال سے کوروناکابڑی بہادری اور مربوط حکمت عملی سے مقابلہ کررہاہے۔انسان کی زندگی میں سب سے بڑا جذبہ انسانیت کاہوتاہے۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ حکومت نے 2020میں کوروناکے مریضوں کیلئے14ارب روپے خرچ کئے ہیں، اس سال بھی کوروناکے مریضوں کیلئے 10ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

حکومت کوروناکے مریضوں کو مہنگی سے مہنگی ادویات اور ہر قسم کی سہولت فراہم کررہی ہے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ صوبہ بھر میں ساڑھے چار کروڑ افرادکو کوروناویکسین لگاچکے ہیں۔پنجاب کے تمام ہیلتھ کئیرورکرز مکمل ویکسینیٹڈ ہیں۔پاکستان بالخصوص پنجاب میں ویکسینیشن مہم کو ساری دنیامیں سراہاجارہاہے۔صوبائی وزیر صحت نے پنجاب میں کوروناکے مریضوں کیلئے دن رات آسانیاں پیداکرنے والے تمام سٹیک ہولڈرزکا شکریہ اداکیا اور مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے گرانٹ دینے پر سٹینڈرڈ چارٹرڈبنک اور سائٹ سیورزتنظیم کا شکریہ اداکیا۔

تقریب کے آخرمیں سٹیڈرڈ چارٹرڈ بنک اور سائٹ سیورزنے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو میو ہسپتال کیلئے دوکروڑبتیس لاکھ روپے کی گرانٹ کا چیک دیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں