انسپکٹر جنرل پولیس کی شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ میں شرکت

کانسٹیبل عمران حیدر نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا‘ ڈاکٹر عثمان انور

ہفتہ 20 اپریل 2024 21:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ کا دورہ کیا اورلاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ تھانہ باغبانپورہ لاہور میں تعینات کانسٹیبل عمران حیدر نے علی الصبح ڈاکوں سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا،نمازجنازہ میں سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز ہمایوں بشیر تارڑ، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر، ایس ایس پی آپریشنز علی رضا، لاہور پولیس کے ایس ایس پیز، اے آئی جی آپریشنز پنجاب، ایس پیز، سینئر افسران، جوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل عمران حیدر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی، پھولوں کی چادر چڑھائی۔

(جاری ہے)

کانسٹیبل عمران حیدر کی روح کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی جبکہ پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو گارڈ آف آنر پیش کیا،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کانسٹیبل عمران حیدر کی لازوال قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کانسٹیبل عمران حیدر نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا،کانسٹیبل عمران حیدر کی عمر 38 برس، تعلق باٹا پور لاہور سے تھا،اہل خانہ میں اہلیہ، 01 بیٹا اور 07 بیٹیاں شامل ہیں،آئی جی پنجاب نے شہید کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور بچوں کی کفالت میں مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل عمران حیدر کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر کا ہر ممکن خیال رکھے گی۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈاکوں سے مقابلہ کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کانسٹیبل عمران حیدر کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا کہ کانسٹیبل عمران حیدر نے باغبانپورہ کے علاقے میں ڈاکوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، پنجاب پولیس کانسٹیبل عمران حیدر کی لازوال قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ شہید کے اہل خانہ کی بہترین ویلفیئر محکمہ کی ذمہ داری ہے ہر ممکن خیال رکھا جائے گا، آئی جی پنجاب نے ڈی ائی جی آپریشنز لاہور کو واقعہ میں زخمی ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل دلاور کی بہترین نگہداشت کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ہیڈ کانسٹیبل دلاور کی جلد از جلد صحت یابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں، ڈاکٹر عثمان انور نے مزیدکہا کہ پنجاب پولیس کانسٹیبل عمران حیدر جیسے 16 سو سے زائد شہدا اور 1700 سے زائد غازیوں کی امین فورس ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں