لیسکو کا تمام سرکلز میں اربوں روپے کی اووربلنگ کیخلاف تحقیقات کرنے کا فیصلہ

گریڈ 20 کے افسران کی سربراہی میں اعلی سطح کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں،تحقیقاتی کمیٹیوں کو 15 روز میں رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 24 اپریل 2024 16:24

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔24 اپریل2024 ء) لیسکو نے تمام سرکلز میں اربوں روپے کی اووربلنگ کیخلاف تحقیقات کرنے کا فیصلہ کر لیا،گریڈ 20 کے افسران کی سربراہی میں اعلی سطح کمیٹیاں تشکیل دیدی گئیں،تحقیقاتی کمیٹیوں کو 15 روز میں رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات ، اووربلنگ کرنے والوں کا تعین کرکے رپورٹ فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے کریک ڈاو¿ن کے بعد لیسکو نے بھی انکوائری شروع کردی۔

چیف انجینئر، ڈپٹی ڈائریکٹرز پر مشتمل ہر سرکل میں انکوائری کمیٹی بنا دی گئی ہے۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کب سے کتنی اووربلنگ ہوئی، کس نے کروائی، ان سب چیزوں کی انکوائری کی جائے گی جبکہ اووربلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات نہ کرنے والے افسران کی نشاندہی کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ سید محسن نقوی کی ہدایت پر اووربلنگ کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روزلیسکو اور ایف آئی اے کے درمیان اوور بلنگ پر معاملات طے پاگئے تھے۔لیسکو حکام کے مطابق لیسکو چیف شاہد حیدر اور ڈائریکٹر ایف آئی اے سرفراز ورک نے معاملہ حل کروایاتھا جس کے تحت لیسکو انتظامیہ 3 ماہ میں مرحلہ وار اووربلنگ کا خاتمہ کرے گی۔حکام نے بتایاتھا کہ 3 ماہ میں زیر التوا تمام کنکشن لگائے جائیں گے اور خراب میٹر تبدیل ہوں گے۔

لیسکو حکام کا کہنا تھاکہ ایف آئی اے لیسکو کے دفاتر پر چھاپے نہیں مارے گی، کسی شکایت کی صورت میں چیف لیسکو کو خط لکھا جائے گا جب کہ ایک دو روز میں تمام تحفظات کا جواب ایف آئی اے کو دے دیا جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف اور پاور ڈویژن نے اووربلنگ کرنے والوں کیخلاف آپریشن کی حمایت کی تھی۔ایف آئی اے نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر اووربلنگ کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ایکسیئن اور ایس ڈی اوز کو گرفتار کیا تھا اور دیگر کیخلاف بھی کارروائی کرنے کا عندیہ دیاتھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں