مریم نواز کالاہور میں 36 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کو روکنے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں سیکریٹری ہاوسنگ اور ڈپٹی کمشنر لاہوررافعہ حیدر سمیت دیگر افسران وزیراعلیٰ پنجاب کو خطیر رقم لگانے سے لاہورکے مسائل حل ہونے پرمطمئن نہ کرسکے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 15 مئی 2024 14:44

لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔15 مئی 2024) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں 36 ارب روپے کے ترقیاتی کاموں کو روکنے کا حکم دیدیا،مریم نواز نے ٹینڈر جاری کرنے سے منع کرتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کا از سر نو جائزہ لینے کی ہدایات جاری کر دیں،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیر صدارت لاہور میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور کے مسائل سے متعلق اجلاس میں شریک مختلف محکموں کے افسران سے استفسار کیا کہ کیا خطیر رقم لگانے سے لاہورکے مسائل مستقل طور پرحل ہوجائیں گے۔سیکریٹری ہاوسنگ اور ڈپٹی کمشنر لاہوررافعہ حیدر سمیت دیگر افسران وزیراعلیٰ پنجاب کو مطمئن نہ کرسکے جس پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فوری طور پرلاہور شہر میں 36 ارب کے ترقیاتی منصوبوں پر کام روکنے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

ایم ڈی واسا غفران احمدکا کہنا ہے کہ مسائل مستقل بنیادوں پر حل نہیں ہو سکتے تاہم ان میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے فنڈز جاری ہونے پر واٹر سپلائی اورڈرینج کے معاملات حل ہوجائیں گے۔ شہر میں ڈرینج کے مسائل حل ہو جاتے ہیں لیکن گٹر بند ہونا معمول کی بات ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے آئندہ ہونے والی میٹنگ میں معاملات حل ہوجائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا تھا کہ سی ایم ترجیحی ترقیاتی پراجیکٹس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ بروقت تکمیل کیلئے دن رات محنت کی جائے اور پوری توجہ دی جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا5گھنٹے طویل اجلاس ہوا تھا۔جس میںسی ایم سپیشل پراجیکٹس اور اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیاتھا۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نواز شریف انسٹیٹوٹ آف کینسر لاہور کا پہلا فیز سال کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔بریفنگ میں بتایاگیا تھاکہ دیہی اور بنیادی مراکز صحت کی تعمیر و بحالی کا پہلا مرحلہ اکتوبر میں مکمل کر لیا جائے گا۔ بڑے ہسپتالوں کی ری ویمپنگ جون تک مکمل کر لی جائے گی۔ پنجاب میں اہم روٹ پر5-ایکسپریس ویز پر 176 ارب روپے لاگت سے بنیں گی۔بریفنگ میں یہ بھی بتایاگیا تھاکہ لاہور میں 204 بیڈ کا تین منزلہ سیف سٹی ہوسٹل کی تعمیر اسی ماہ شروع ہوجائیگا۔ اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی یکم جنوری تک فنکشنل ہوں گے۔پنجاب میں ساٹھ لاکھ پودے لگائے گئے۔پنجاب میں وائلڈ لائف سروے کرایا جائے گا۔پنجاب میں گلوبل آئی ٹی سرٹیفکیٹ پروگرام شروع کئے جائیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں