لاہوربارایسوسی ایشن کا ایوان عدل کے باہر دھرنا ختم کرنے کا اعلان

احتجاج کے باعث ایوان عدل میں آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

بدھ 15 مئی 2024 19:33

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) لاہور بار ایسوسی ایشن نے ایوان عدل کے باہر پی ایم جی چوک سے دھرنا ختم کر دیا۔صدر لاہور بار منیر حسین بھٹی نے کہا کہ آئندہ ہفتے آل پاکستان وکلا کنونشن بلوائیں گے، مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رکھیں گے، ہمارا دھرنا پرامن ہے قانون اور آئین کے مطابق احتجاج جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی ختم کرنے والوں کو بھی بے نقاب کریں گے، پاکستان کی عدلیہ دنیا میں 140ویں نمبر پر ہے تو وہ کیوں ہے عوام کے سامنے حقائق رکھیں گے۔

وکلاء کے احتجاج کے باعث ایوان عدل میں آنے والے سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ واضح رہے کہ وکلا تنظیموں کی جانب سے سول عدالتوں کی ماڈل کچہری منتقلی اور وکلا کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات کے اندراج کیخلاف پی ایم جی چوک میں کئی روز سے دھرنا جاری تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں