پنجاب حکومت کا ٹیکس نیٹ میں شامل تمام سروسز پرٹیکس کی شرح یکساں رکھنےکا فیصلہ

اسٹامپ ڈیوٹی صوبے کا ٹیکس ہے، ایف بی آر محصولات کی شرح کو متاثرکررہا ہے، کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کیلئے سیلز ٹیکس آن سروسز پر رعایت برقرار رکھی جائے۔ وزیرخزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 15 مئی 2024 18:43

پنجاب حکومت کا ٹیکس نیٹ میں شامل تمام سروسز پرٹیکس کی شرح یکساں رکھنےکا فیصلہ
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2024ء) پنجاب میں اکانومی کی ڈاکوکیومینٹیشن کے لیے پی آر اے کے تحت تمام سروسز کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ٹیکس نیٹ میں شامل تمام سروسز پرٹیکس کی شرح کو یکساں رکھا جائے۔مستثنیٰ سروسز کی معمولی شرح کے ساتھ ٹیکس نیٹ میں شمولیت دستاویزی معیشت کے فروغ کو یقینی بنائے گی۔ کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ادائیگی کرنے والوں کے لییسیلز ٹیکس آن سروسز پر رعایت برقرار رکھی جائے۔

کسانوں کی مشکلات سے بخوبی واقف ہیں۔ آ ئند ہ بجٹ میں کسانوں کو بڑا ریلیف دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہاروزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے آج وزراء کمیٹی برائے ریسورس موبلائزیشن 2024-25 کے چوتھے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کمیٹی کو بتایا کہ بورڈ آف ریونیو کے تحت ٹیکسز کی شرح پر پانچ سال بعد نظر ثانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

آئندہ بی او آر کے تحت ٹیکسز کی شرح میں تبدیلی کے لیے سیٹ فارمولا کا تعین کیا جائے گا جس کے تحت ایک معینہ مدت کے بعد ٹیکسز کی شرح میں خود بخود اضافہ ممکن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سٹامپ ڈیوٹی صوبے کا ٹیکس ہے۔ ایف بی آر کے ریٹس سٹامپ ڈیوٹی کی مد میں محصولات کی شرح کو متاثر کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ سٹامپ ڈیوٹی پر ٹیکس کی شرح کو معقول بنائیں۔

مجتبیٰ شجاع الرحمان نے صوبائی وزراء کو بتایا کہ پچھلے پانچ ماہ میں پی آر اے کے تحت انفورسمنٹ میں تعطل نے بھی محصولات کی شرح کو متاثر کیا، تاہم امید ہے کہ پی آر اے اپنا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہے گا۔ صوبائی وزیر نے ایڈیشنل سیکرٹری فنانس کو ہدایت کی کہ وہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ایکٹ 2012 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری کے لیے انھیں جلد از جلد متعلقہ فارمز پر لائیں تاکہ نئے مالی سال کے آغاز سے قبل ان کا اطلاق ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ پی آر اے کے تحت تمام وصولیوں کو مکمل طور پر آن لائن لایا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ملک صہیب بھرتھ اور صوبائی وزیر برائے ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، ممبر بورڈ آف ریونیو اور چیئرمین پی آر اے سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ ممبر بورڈ آف ریونیو نے زرعی زمینوں اور سٹامپ ڈیوٹی پر عائد ٹیکس کی شرح پر نظر ثانی کی تجاویز پیش کیں جبکہ پی آر اے کے تحت یکساں ٹیکسیشن اور دستاویزی معیشت کے فروغ کی تجاویز پیش کی گئیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں