وزیر صنعت کی اپٹما کو پنجاب میں ملبوسات کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے صنعتی پارکوں کی تعمیر میں تیزی لانے کی یقین دہانی

جمعہ 17 مئی 2024 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) صوبائی وزیر وزیر صنعت، تجارت و سرمایہ کاری شافع حسین نے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کو پنجاب میں ملبوسات کی برآمدات کو بڑھانے کے لیے صنعتی پارکوں کی تعمیر میں تیزی لانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب نے حال ہی میں صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں ایک اعلی اختیاراتی کمیٹی قائم کی ہے جو کہ دنیا بھر میں بالعموم اور بنگلہ دیش میں بالخصوص گارمنٹس سٹیز کے قیام اور آپریشن کی طرز پر بہترین طرز عمل کا جائزہ لے گی ۔

اپٹما کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسے صنعتی پارکوں کو غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لیے جدید ترین انفراسٹرکچر سے لیس کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کمیٹی موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس یا نئی جگہوں پر گارمنٹس پارکس کے قیام کے تمام پہلوئوں پر سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اپٹما اس سلسلے میں حکومت پنجاب کو تمام تکنیکی مدد اور معلومات فراہم کرے گی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اپٹما نارتھ کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا کہ سرپرست اعلی اپٹما گوہر اعجاز نے ملبوسات کی تیاری کے لیے وقف جدید صنعتی زونز کی تعمیر کے ذریعے صوبے میں ملبوسات کے شہروں کا وژن پیش کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مقصد مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو مسابقتی فوائد جیسے کم لاگت کی مزدوری اور سازگار تجارتی حیثیت سے فائدہ اٹھانا اور ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 12 بلین ڈالر کا اضافی اضافہ کرنا ہے۔

کامران ارشد نے کہا کہ یہ صنعتی پارک مکمل طور پر لیس پلگ اینڈ پلے کارخانے کرائے پر فراہم کریں گے، جس کا مقصد پاکستان کی ملبوسات کی برآمدات اور معاشی اثرات میں نمایاں اضافہ کرنے کے علاوہ غربت کے خاتمے کے لیے روزگار کے نمایاں مواقع پیدا کرنا ہے۔ ان کے مطابق صنعتی پارکوں کے قیام سے پہلے مرحلے میں پیداوار کے لیے سازگار ماحول، عالمی منڈی میں مسابقت میں اضافہ اور تکمیل کے بعد سالانہ 12 ارب ڈالر کی برآمدات میں سالانہ 2 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ یہ صنعتی زون مجموعی اقتصادی ترقی کے لیے اہم ہیں، کیونکہ یہ صنعتی سرگرمیوں کو متحرک کرتے ہیں، سرمایہ کاری کو راغب کرتے ہیں اور اقتصادی ترقی کو فروغ دیتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں