وزیر اعلیٰ نے سموگ کے خاتمے کیلئے پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈر کی 60فیصد سبسڈی پرفراہمی کاوعدہ پوراکردیا‘مریم اورنگزیب

دھان کی فصل کو منطقی طورپرنہ جلانے کے لیے حکومت 8 ارب کی لاگت سے جدیداینٹی سموگ مشینری مہیا کررہی ہے ‘ سینئر وزیر

جمعہ 17 مئی 2024 21:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2024ء) وزیراعلی پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے رائس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کالا شاہ کاکو میں منعقدہ کاشتکاروں کو پاک سیٹر اور رائس سٹرا شریڈر کی فراہمی کے لیے محکمہ زراعت کے زیر انتظام تقریب میں شرکت کی۔۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینیئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کاشتکاروں سے کیا ہوا وعدہ پورا کیا جا رہا ہے۔

سموگ کی وجہ سے لاہور ڈویژن سمیت کئی بڑے شہروں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سموگ بننے کی وجوہات میں دھان کی باقیات کو اگ لگانا بھی شامل ہے اسی لیے 8 ارب روپے کی کثیر لاگت سے آج صوبہ کے 21 اضلاع میں کاشتکاروں کو 5 ہزار پاک سیڈرز اور 2 ہزار رائس سٹرا شریڈرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔

اس ضمن میں 400 ارب روپے کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پلان پر عمل درامد جاری ہے۔ جس کے تحت کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں کمی کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ گزشتہ دور حکومت میں زراعت کی ترقی کے لیے کوئی بھی خاطر خواہ کام نہیں کیا گیا جس سے کاشتکاروں کی حالت زار زبوں حالی کا شکار ہے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی فلاح کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے گی۔

وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا خواب ہے کہ پنجاب کے تمام کاشتکاروں کو سپرسیڈارز اور شریڈرز فراہم کئے جائیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ زراعت کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔ وزیراعلی پنجاب کے ٹرانسفارمنگ پنجاب ایگریکلچر پروگرام کے تحت کا 150 ارب روپے کے بلا سود قرضوں کی فراہمی کے لیے کسان کارڈ کا جلد اجراء کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ 80 ارب روپے کی لاگت سے 7300 کھالہ جات کو پختہ کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 12 ارب روپے کی لاگت سے کاشتکاروں کو جدید زرعی مشینری و آلات فراہم کیے جائیں گے۔ موجودہ حکومت کاشتکاروں کی ترقی کے لیے ایک واضح روڈ میپ پر عمل درامد کر رہی ہے جس کے ثمرات جلد ملنا شروع ہو جائیں گے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا کہ محکمہ زراعت پنجاب نے وزیراعلی پنجاب کے سموگ کنٹرول پروگرام کے تحت آج 21 اضلاع میں شفاف قرعہ اندازی کا اہتمام کیا ہے محکمہ زراعت کو پاک سیڈر اور رائس سٹرا شریڈرر کے لیے 10 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی جس کے تحت شفاف طریقے سے 7 ہزار خوش نصیب کاشتکاروں کو یہ جدید زرعی مشینری فراہم کی جائے گی جس سے دھان کی باقیات کی تلفی اسانی سے ممکن ہوگی اور سموگ کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔

تقریب میں محکمہ زراعت کے اعلیٰ افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی و ممبران صوبائی اسمبلی پیر اشرف رسول، احسن ریاض اور رانا افضال نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں