گرمی کی شدت میں اضافہ، 25 مئی سے چھٹیوں کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری

موسم کی شدت کی وجہ سے 7 اضافی چھٹیاں ہوں گی، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہاں سکولوں میں چھٹیاں نہیں ہوں گی۔ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب

Sajid Ali ساجد علی پیر 20 مئی 2024 11:06

گرمی کی شدت میں اضافہ، 25 مئی سے چھٹیوں کا اعلان، نوٹی فکیشن جاری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی 2024ء ) گرمی کی شدت میں اضافے کی وجہ سے صوبہ پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات میں اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ اس سے قبل یکم جون سے گرمیوں کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا لیکن گرمی کی شدت بڑھنے کے باعث اب سکولوں میں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز یکم جون کی بجائے 25 مئی سے ہوگا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، موسم کی شدت کی وجہ سے 7 اضافی چھٹیاں ہوں گی، جن سکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہاں سکولوں میں چھٹیاں نہیں ہوں گی۔

پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ موسم کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے جلدی چھٹیوں کا فیصلہ کیا ہے، فیصلے کے تحت تمام سکولوں میں چھٹیاں دی جا رہی ہیں، امتحانات والے نجی سکولوں کو سکول کھلے رکھنے کی مشروط اجازت ہوگی، طلبہ کو موسم کی شدت کےاثرات سے بچانا اولین ترجیح ہے، اسی کی وجہ سے گرمی میں اضافے کے باعث وزیراعلیٰ مریم نواز نے تعلیمی اداروں میں جلد چھٹیوں کی منظوری دی ہے، اس حوالے سے والدین سے چھٹیوں سے متعلق رائے مانگی گئی جس میں 15 ہزار افراد نے اپنی رائے کا اظہار کیا، ان میں سے 96 فیصد نے چھٹیاں فوری کرنے کا مطالبہ کیا، اس لیے اوقات کار کی تبدیلی کے بعد اسکولوں میں جلد چھٹیاں کرنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر پی ڈی ایم اے پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی، ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ 21 مئی سے 27 مئی تک پنجاب میں ہیٹ ویو کے شدید خطرات کی پیش گوئی ہے، جنوبی پنجاب کے اضلاع بہاولپور ،رحیم یار خان ،ڈیرہ غازی خان اور ملتان میں ہیٹ ویو کی لہر شدید ہو سکتی ہے، اگلے دس دن شدید ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آنے کی پیشگوئی ہے، عوام الناس سے التماس ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سخت دھوپ میں مشقت اور ورزش سے گریز کریں، غیر ضروری گھر سے باہر نہ نکلیں ہلکے رنگ کا سوتی لباس پہنیں، تمام ہسپتالوں میں ہیٹ ویو کاؤنٹرز قائم کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں ہیں، ہیٹ ویو سے بچا ؤسے متعلق تمام ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں