اگر اسرائیلی جنونیت کے خلاف عالمی عدالت انصاف کی اتھارٹی تسلیم نہ کی گئی تو پھر تیسری عالمی جنگ کی راہ ہموار ہوگی‘ساجد میر

عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ تمام مسلمانوں پر فرض ہے،ہمارے اکابر نے تحفظ ختم نبوت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں ‘ سربراہ مرکزی جمعیت اہلحدیث

اتوار 26 مئی 2024 20:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2024ء) مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہاہے کہ اگر اسرائیلی جنونیت کے خلاف عالمی عدالت انصاف کی اتھارٹی تسلیم نہ کی گئی تو پھر تیسری عالمی جنگ کی راہ ہموار ہوگی ۔ عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ فلسطینیوں کے اخلاقی اور قانونی حق کی جانب مثبت پیش رفت ہے۔ بین الاقوامی عدالت انصاف کے فیصلے پر امریکی انتظامیہ کی خاموشی حیران کن ہے۔

عدالت کے فیصلے پر امریکی رویے نے بہت سے سوالات کو جنم دیا ہے۔ یہ صورتحال انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی قیادتوں کیلئے بھی ایک چیلنج ہے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے مرکز راوی روڈ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث لاہور شہر کے زیر اہتمام تحفظ ختم نبو ت کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوے کیا ۔

(جاری ہے)

پروفیسر ساجدمیر نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا ہے۔

عقید ہ ختم نبوت پر ایمان رکھے بغیر ہمارا ایمان ہی نامکمل ہے ۔پاکستان کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کا تحفظ ہرحال میں جاری رکھیں گے۔ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔ہمارے اکابر نے تحفظ ختم نبوت کے لیے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کی حفاظت جزو ایمان ہے، اس کے لیے جان کی قربانی سے بھی دریغ نہیں کیا جا سکتا ۔

ان کا کہنا تھا کہ علمائے حق اشاعت دین کے علمبردار ہیں، انہیں امت کے اتحاد اور یک جہتی کے لیے کام کرنا چاہیے ۔کانفرنس میں علما نے پروفیسر ساجدمیر کی قیادت میں متحد اور منظم ہوکرچلنے کا عزم کیا ۔ کانفرنس سے علامہ ریاض الرحمن یزدانی، علامہ معتصم الہی ظہیر، رانا محمد شفیق خاں پسروری، حافظ محمد یونس آزاد، حافظ بابر فاروق رحیمی، حاجی نواز مغل ،حافظ اعظم قاسم ۔حافظ فیصل جانباز نے بھی خطاب کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں