رائے ونڈ میں درجنوں پلازہ مالکان نے پارکنگ کی جگہ پر ٹھیلے اور پتھارے لگوا دئیے

پارکنگ کی جگہ نہ چھوڑنے سے موٹر سائیکل اور گاڑیاں سڑک پر پارک ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم

جمعہ 18 جون 2021 16:04

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) رائے ونڈ میںدرجنوں پلازہ مالکان نے پارکنگ کی جگہ پر ٹھیلے اور پتھارے لگوا دئیے،پارکنگ کی جگہ نہ چھوڑنے سے موٹر سائیکل اور گاڑیاں سڑک پر پارک ہونے سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ،میٹروپولیٹن کارپوریشن کی چشم پوشی سے فٹ پاتھ پر تجاوزات قائم ہونے سے پید ل چلنا عذاب بن گیا ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈ شہر میں تعمیر ہونیوالے تمام کمرشل پلازوں نے اقبال زون افسران کی ملی بھگت سے پارکنگ کیلئے جگہ نہ چھوڑکر وہاں دکانیں تعمیر کرکے لاکھوں روپے کرایہ جات وصول کرنا شروع کردئیے جس کی وجہ سے گاڑیاں سڑکوں پر پارک ہونے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو رہا ہے سند رروڈ ،مانگا روڈ ،تبلیغی مرکز روڈ پر تعمیر ہونیوالے تمام پلازہ جات مالکان نے پارکنگ ایریا نہیں چھوڑا بلکہ وہاں دکانیں تعمیر کرڈالیں ہیں۔

(جاری ہے)

اقبال زون کے راشی افسران کی ملی بھگت سے تعمیر ہونیوالی سینکڑوں کمرشل عمارتوں کو سرکاری قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تعمیر کیا گیا ہے ۔فلائی اوور چو ک میں عوام کے پید ل چلنے کیلئے بنایا گیا فٹ پاتھ بھی کمائی کا بہت بڑا ذریعہ بن چکا ہے ،فٹ پاتھ پر ٹھیلوں اور پتھاروں سے لاکھوں روپے ایڈوانس اور ہزاروں روپے ماہوار بھتہ کرائے کی صورت میں وصول کیا جارہا ہے ،پیدل چلنے والے افراد کو مجبورا سٹرک پر پیدل چلنا پڑرہا ہے جس سے حادثات کی شرح میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں