صوبہ بھر میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریبات کی سیکیورٹی کیلئی26399افسران واہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے

سڑکوں پر ون ویلنگ ، سلنسر اتار کر غل غپاڑہ اور ہلڑ بازی کرنیوالے نوجوانوں کے خلاف بلا امتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے، آئی جی پنجاب کی پو لیس افسران کو ہدایت

اتوار 12 اگست 2018 18:20

لاہور۔12 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2018ء) صوبہ بھر میں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریبات کی سیکیورٹی کیلئی26399افسران واہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے، 245ایس پیزاور ڈی ایس پیز ، 530انسپکٹرز، 3495سب انسپکٹرزاور اے ایس آئی ، 18012ہیڈ کانسٹیبلز ، کانسٹیبلز جبکہ 4392پولیس قومی رضاکاربھی سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہونگے، تقریبات کی سیکیورٹی کیلئے 142واک تھرو گیٹس، 2942میٹل ڈٹیکٹراور 1000سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے جائیں گے۔

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے متعلقہ پولیس افسران کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ ، آتش بازی ، لائوڈ سپیکر ایکٹ کے خلاف ورزی کسی صورت قابل قبول نہیں ہو گی، تمام اضلاع میں پولیس افسران پٹرولنگ سکواڈز کے ساتھ ساتھ سپیشل موٹر سائیکل اسکواڈبھی تشکیل دیں جو 13اگست کی رات سے باقاعدہ شفٹوں میں سڑکوں پر ڈیوٹی سر انجام دیںاور قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فی الفور کارروائی عمل میں لائے، حساس اضلاع میں اے کیٹیگری کی آزادی تقاریب کا سیکیورٹی پلان ڈی پی اوز اپنی نگرانی میں تشکیل دیں اور سیکیورٹی کے حوالے سے وضع کردہ ایس او پیز پر عمل در آمد اور اسکی موثر مانیٹرنگ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر ون ویلنگ ، سلنسر اتار کر غل غپاڑہ اور ہلڑ بازی کرنے والے نوجوانوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ جشن آزادی کے موقع پر تفریح گاہوں ، پارکوں سمیت دیگر پبلک مقامات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے، بڑے پارکوں کے گرد و نواح میں ڈولفن ، پیرو اور دیگر پٹرولنگ فورسز کے دورانئے کے اوقات کار کو مزید بڑھایا جائے اور پارکنگ ایریاز کی سیکیورٹی کا بھی موثر انتظام کیا جائے تاکہ شہری جشن آزادی کی خوشیاں بلا خوف و خطر قومی جذبے کے ساتھ منا سکیں ،علاوہ ازیںلاہور پولیس نے یومِ آزادی کے موقع پر ہوائی فائرنگ، آتش بازی، ہلڑ بازی، لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال اور ون ویلنگ کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز لاہورشہزاد اکبرنے تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو 13 اگست کی رات سے 14 اگست کی رات تک شہر کا امن تباہ کرنے والے افراد کے خلاف فی الفور قانونی کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یومِ آزادی کے موقع پر شہر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے مربوط سکیورٹی پلان ترتیب دیا جائیگا، سڑکوں پر ون ویلنگ ، ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ ، آتش بازی اور غل غپاڑہ کرنے والے نوجوانوں کو جیل کی ہوا کھانا پڑے گی،یومِ آزادی کی حساس تقاریب کی مانیٹرنگ سیف سٹی اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی،یومِ آزادی کے موقع پر پارکوں اور تفریحی مقامات پر بھی سکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی،شہر کی اہم شاہرائوں پر ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کے نوجوان موئثر گشت کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی پر کسی کو قانون ہا تھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں