کمرشل مارکیٹ راولپنڈی میں ایکسائز سروس سنٹر کا افتتاح

ٹیکس کا پیسہ عوام کو لوٹائیں گے، ٹیکس کی ادائیگی میں عوام کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے، وزیر ایکسائز حافظ ممتاز احمد

بدھ 19 ستمبر 2018 20:16

لاہور۔19 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر برائے ایکسائز، ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ ٹیکس کا پیسہ سہولیات کی شکل میں عوام کو واپس دلوائیں گے، عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، اسی مقصد کیلئے ایکسائز سروس سنٹر قائم کئے جار ہے ہیں تاکہ ٹیکس کی ادائیگی میں عوام کو آسانی میسر ہو، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمرشل مارکیٹ جان آرکیڈ میں ایکسائز سروس سنٹر کا افتتاح کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی سہیل ارشد، ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن لاہور رضوا ن اکرم شیروانی اور دیگر افسران بھی موجود تھے، صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے سروس سنٹر کا دورہ کیا اور موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کا اعتماد جیتا ہے اور عوام کے اعتماد کو برقراررکھا جائیگا اور جب عوام حکومت پر اعتبار کریں تو ٹیکس میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کے اعتما د پر پورا اترنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان کی قیاد ت میں دن رات کام کر رہی ہے، انہوںنے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو خدمت کاموقع دیا ہے اور یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی توقعات کے مطابق تبدیلی لیکر آئے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے، انہوں نے کہاکہ ایکسائز سروس سنٹر کی کامیابی کے بعد ایسے سنٹر چھوٹے شہروں میں بھی کھولے جائیں گے، حافظ ممتاز نے کہا کہ ان سنٹروں میں تمام کام جدید کمپیوٹر سسٹم کے تحت ہو رہا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں