ریسکیو 1122نے سانحات سے تیاری اور بچائو کا قومی دن منایا

2016کے فائر سیفٹی کوڈزاورریسکیو1122کاکمیونٹی سیفٹی پروگرام محفوظ معاشرے کے قیام کیلئے مدد گار ثابت ہو سکتا ہے‘رضوان نصیر ریسکیو1122محفوظ پنجاب کے قیام کیلئے دس لاکھ ریسکیوسکائوٹس کو رجسٹرڈ کر کے سانحات سے تیاری اوربچائوکی تربیت دے گا ‘ ڈی جی ریسکیو پنجاب

پیر 8 اکتوبر 2018 19:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو1122)ڈاکٹر رضوان نصیر کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں ریسکیو1122نے 8اکتوبر 2005میں زلزلے میں زخمی اورہلاک ہونے والے لوگوں کی یاد میںحادثات سے تیاری اور بچائو کا قومی دن منایاگیا، ڈی جی ریسکیو پنجاب نے زلزلے میں وفات پانے والے لوگوں کے لیے دعا کی اور پسماندگان کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا جن کو اس قدرتی آفت میں جانی اور مالی نقصان اٹھانا پڑا ،پاکستان انجینئرنگ کونسل سے منظور کردہ سیفٹی قوانین اور ریسکیو1122کا کمیونٹی سیفٹی پروگرام پاکستان کو حادثات سے نبرد آزما ہونے کی تیاری اور بچائومیںمدد گار ثابت ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار ڈی ریسکیوپنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر ریسکیو1122فیروز پور روڈ لاہورمیں منعقد کیے جانے والے سیمینار اور آگاہی واک کے شرکاء سے کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر رضوان نصیر نے آگاہی واک کی قیادت کی جو لاہور سنٹرل اسٹیشن ایل او ایس سے شروع کی گئی اور شمع چوک سے ہوتی ہوئی واپس ایل او ایس میں اختتام پذیر ہوئی ۔ آگاہی واک میںڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر شاہد وحید قمر، ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈ کوارٹرز کے سنیئر افسران کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں ریسکیو سکائوٹس نے بھی شرکت کی۔

ڈی جی ریسکیو نے کہا محفوظ پنجاب کے قیام کے لیے دس لاکھ ریسکیو سکائوٹس کو ایمرجنسی سروس میں رجسٹر کر کے سانحات سے تیاری اور بچائو کی تربیت دی جائے گی۔ریسکیورز اور ریسکیو سکائوٹس نے سانحات سے تیاری اور بچائو کے آگاہی پمفلٹ تقسیم کیے۔ڈی جی ریسکیو نے ریسکیو سکائوٹس اور شرکاء تقریب سے پاکستان کو صحت منداور محفوظ بنانے کا عہد لیا۔

ڈی جی ریسکیو نے مزید کہا کہ پنجاب میں ڈویثرن کی سطح پر اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کی موجودگی میں حادثات پر ریسپانس کرنے کی صلاحیت موجود ہے اس لیے ضروری ہے کہ اب ایسا نظام وضع کیا جائے کہ بہتر تیاری اور منصوبہ بندی سے آنے والے حادثات سے نمٹا جا سکے ۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں لوگوں کو ایمرجنسی کی صورت میں بلا امتیاز رنگ و نسل 24گھنٹے ریسکیو سروس دستیاب ہے جو اب کمیونٹی سیفٹی پروگرام کے تحت پنجاب میں محفوظ ، صحت مند اور سماجی حوالے سے ذمہ داری کے شعور کو اجاگر کرتے ہوئے محفوظ معاشرے کے لیے کام کررہی ہے۔

محفوظ معاشرے کے قیام کے لیے یونین کونسل کی سطح پر ریسکیو سکائوٹس کو کمیونٹی ایمرجنسی ریسپانس ٹیم کے تحت رجسٹر کیا جا رہا ہے تاکہ یہ ٹیمیں اپنے اپنے علاقے میں خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی اپنی کمیونٹیز کو محفوظ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ریسکیو1122نے 63لاکھ سے زائد ایمرجنسی کے شکار لوگوں کو مدد فراہم کر چکی ہے مگر پاکستان کو حادثات و سانحات سے محفوظ بنانے کے لیے کمیونٹی اہم کردار ادا کر سکتی ہے جس کے لیے ریسکیو1122نے ریسکیو سکائوٹس کو ایمرجنسی سروسز کا پلیٹ فارم فراہم کیا ہے تاکہ عوام الناس میں آگاہی سے حادثات و سانحات کی روک تھام کر کے محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لایا جا ئے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں