مقدمے کی مسلسل عدم پیروی پر عدالت نے سابق ایم پی اے کا قتل کیس داخل دفتر کرتے ہوئے مرکزی ملزم کی ضمانت منظور کرلی

منگل 13 نومبر 2018 18:55

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2018ء) مدعی کی جانب سے مقدمے کی مسلسل عدم پیروی پر سیشن عدالت نے سابق ایم پی اے کا قتل کیس داخل دفتر کرتے ہوئے مرکزی ملزم کی ضمانت منظور کر لی۔ایڈیشنل سیشن جج ملک تنویر احمد اعوان نے مریدکے سے تعلق رکھنے والے سابق ایم پی اے چوہدری گلفام اشرف کا قتل کیس داخل دفتر کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے مدعی چوہدری محمد ریاض کی جانب سے کیس کی مسلسل عدم پیروی اور عدالت کے طلب کرنے کے باوجود پیش نہ ہونے پر کیس کو فریز کیا اور قتل کیس کے سرغنہ ملزم سمیع اللہ کی 20 لاکھ کے مچلکوں کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی۔

ملزم سمیع اللہ پر سابق ایم پی اے گلفام اشرف کو قتل کرنے کا الزام تھا۔ تھانہ صدر مریدکے میں ملزم کیخلاف 2006 میں مقدمہ درج ہوا۔ ملزم کئی سال اشتہاری رہا اور بعد میں ملزم کی درخواست پر کیس شیخوپورہ سے لاہور کی سیشن کورٹ میں منتقل کیا گیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب بھی مدعی عدالت میں پیش ہو گا تو قتل کیس کی کاروائی دوبارہ شروع کر دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں