صوبائی دارالحکومت لاہور میں انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے (آج) بھرپور طریقے سے منایا جائے گا، وزیر اعلی پنجاب مہمان خصوصی ہونگے

اتوار 9 دسمبر 2018 14:40

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگیسٹن نے کہا ہے کہ عالمی انسانی حقوق کے اعلامیہ کی70سال مکمل ہونے پر (آج)پیرکو انٹرنیشنل ہیومن رائٹس ڈے منایا جائے گا، اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت لاہور کے الحمراء ہال میں ایک پروقار اور شاندار تقریب کا اہتمام کیا جائے گا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ہونگے۔

تقریب میں کرسچیئن کیئر فائونڈیشن،این جی اوز‘انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں اور ہر مکتبہ فکر کے افراد شرکت کریں گے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے’’ اے پی پی‘‘ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے صوبائی وزیر اقلیتی امور و انسانی حقوق اعجاز عالم آگیسٹن نے کہا کہ تقریب کے دوران انسانی حقوق اور پر تشدد واقعات کی روک تھام کے حوالے سے لوگوں میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انسانی حقوق کیلئے جن لوگوں نے خدمات سر انجام دی ہیں انہیں ایوارڈز سے نوازا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ میں بھرپور سنجیدہ ہے اور ماضی میں قصور جیسے واقعہ کی مستقبل میں روک تھام کیلئے بھی قانون سازی کر رہی ہے تاکہ آئندہ ایسے حالات پیدا نہ ہوں جس سے انسانی حقوق کی خلاف ورزی یا اقلیتوں سمیت کسی بھی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے فرد کو کسی قسم کا کوئی خطرہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور پرتشدد واقعات کے سد باب کیلئے تحصیل اور ضلع کی سطح پر انسانی حقوق کے دفاتر قائم کر رہی ہے تا کہ نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں ایسی کمیٹیاں بنائی گئیں مگر ان کا اس حوالے سے کوئی کردار نہ تھا اور ان کی کارکردگی بھی نہ ہونے کے برابر تھی مگر موجودہ حکومت ہنگامی بنیادوں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف قانون سازی کر رہی ہے اور نئی پالیسیاں لا رہی ہے بالخصوص خواتین پر تشدد کے خاتمے کے حوالے سے ہیومن رائٹس ڈائریکٹوریٹس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے جس کے ذریعے بہتر طریقے سے خواتین پر تشدد کی خلاف ورزیوں پر کام ہوسکے گا۔

اعجاز عالم نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور موجودہ حکومت اقلیتوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے نہ صرف کوشاں ہے بلکہ اس سلسلہ میں قانون سازی کے ذریعے عملی اقدامات بھی کئے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ جیلوں میں جو قیدی سزا ختم ہونے کے باوجود جرمانے ادا نہ کرسکنے کے باعث اسیر ہیں ان کے جرمانے بھی ادا کئے جا رہے ہیں تا کہ ا ن کی رہائی ممکن ہو سکے اور اس حوالے سے حکومت نے جیلوں میں لا تعداد قیدیوں کے جرمانے ادا کرکے ان کی رہائی ممکن بھی بنائی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں