لاہور، کھلے مصالحہ جات اور ادویات سے بنی انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی

صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری، 1194 مقامات پر انرجی ڈرنکس، مصالحہ جات کے 1269 مقامات کی چیکنگ 5 لاکھ 35 ہزار 863 بوتلیں اور کین، 1 لاکھ 64 ہزار 410 کلو کھلے ملاوٹی مصالحہ جات تلف لاہور زون کے 446 میں 118 ،راولپنڈی 403 میں 109، ملتان زون کے 420 میں سے 179مقامات درست نقصان دہ اجزاء والی اشیاء کی دھوکہ دہی سے فروخت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی : کیپٹن (ر) محمد عثمان

ہفتہ 5 جنوری 2019 23:18

لاہور، کھلے مصالحہ جات اور ادویات سے بنی انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2019ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کھلے مصالحہ جات اور ادویات سے بنی نام نہاد انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کے بعد صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔پنجاب بھر میں1194 مقامات پر انرجی ڈرنکس جبکہ مصالحہ جات کے 1269 مقامات کی چیکنگ کی گئی۔قانون شکنی پر 405 مصالحہ یونٹس کی پروڈکشن اصلاح ہونے تک بند جبکہ بھاری مقدار میںڈرنکس اور ملاوٹی مصالحہ جات تلف کر دیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر کھلے مصالحہ جات اور ادویات سے بنی عر ف عام انرجی ڈرنکس کی فروخت پر پابندی کے بعدصوبہ بھر میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔اب تک مصالحہ جات کے 1269 مقامات جبکہ انرجی ڈرنکس کے 1194 مقامات کی چیکنگ کی گئی ہے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے کارروائیوں کے دوران5 لاکھ 35 ہزار 863 بوتلیں، کین اور 1 لاکھ 64 ہزار 410 کلو کھلے ملاوٹی مصالحہ جات تلف کیے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ لاہور زون کے 446 میں 118 راولپنڈی کے 403 میں 109جبکہ ملتان زون کے 420 میں سے 179 مقامات کا قانون کے مطابق درست پایا جانا خوش آئند ہے۔پنجاب فوڈاتھارٹی نے ادویاتی ڈرنکس کو انرجی ڈرنکس کہنے اور مصالحہ جات پر نام، وزن، پتہ لکھے بغیرفروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔یاد رہے کہ اپریل 2018 میں ادویاتی ڈرنکس جبکہ جون 2017 میں کھلے مصالحہ جات کی فروخت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

پراڈکٹ پر لفظ انرجی نہ لکھنے اور لیبل پر واضح طور پر'' ہائیلی کیفینیٹڈ ڈرنک'' تحریر کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں تھیں۔مصالحہ جات کی پیکنگ پر اجزاء، وزن، تاریخ اجراء، میعاد، مینوفیکچرر کمپنی، سپلائر کا نام اور پتہ لکھنا لازم قراردیا گیاتھا۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ قانون شکنی پر 405 مصالحہ یونٹس کی پروڈکشن اصلاح ہونے تک بند کر دی گئی ہے۔

380 پوائنٹس پر مصالحہ جات پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کے مطابق فروخت کیے جارہے تھے۔ادویاتی ڈرنکس اورملاوٹی مصالحہ جات معدے پیٹ اورانتڑیوں کی متعدد موذی بیماریوں کا سبب بنتے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے عائد کردہ پابند یوںکا مقصد عوام تک پہنچنے والی خوراک کو محفوظ بنانا ہے۔ نقصان دہ اجزاء والی اشیاء کی دھوکہ دہی سے فروخت کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں