لگژری ٹیکس کی وصولی پچھلے سال کے مقابلے میں 156 فیصدسے زیادہ ہے ،صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد

پیر 14 جنوری 2019 23:53

لاہور۔14 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2019ء) صوبہ پنجاب میں ٹیکس کے حوالے سے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اس ضمن میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے کمپیوٹرائزڈ نظام کو عمل میں لایا جا چکا ہے اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے نمبر پلیٹس کا اجراء کیا جا رہا ہے۔عوام کورجسٹریشن بک کی بجائے سمارٹ کارڈ دیے جا رہے ہیںپراپرٹی ٹیکس کا ٹارگٹ دسمبر تک کافی حد تک حاصل کیاجا چکا ہے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر برائے ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ونارکوٹکس کنٹرول پنجاب میں عوام الناس کی سہولت کے لیے کمپیوٹرائزڈ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مراکز کا قیام عمل میں لایا گیاہے جس میں محکمہ سے متعلقہ ٹیکسز یعنی موٹر ٹیکس ، پراپرٹی ٹیکس، پروفشنل ٹیکس ، تفریحی ٹیکس ، ایکسائز ڈیوٹی کی ادائیگی کے عمل کو آسان بنایا جا سکے گا ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر برائے ایکسائز ٹیکسیشن و نارکوٹیکس کنٹرول حافظ ممتاز احمدنے کہا کہ ابتدائی طور پر یہ خدمت مراکز پنجاب کے 6بڑے اضلاع /ڈویژنل ہیڈ کوارٹر یعنی لاہور میں 4سنٹرز ، جبکہ ملتان، پہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور راولپنڈی میںایک ایک سنٹر قائم کیا گیا ہے۔ان مراکز کے قائم ہونے سے لوگوں کو ٹیکس ادا کرنے اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے معاملات کو ایک ہی جگہ پر حل کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوںنے کہا کہ وزیر ِ اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ ریکوری کے حوالے سے سال-19 2018کا ٹارگٹ 2400ملین ہے اس میں سے دسمبر 2018تک 1250ملین وصول کیے جاچکے ہیں۔ جو کل ٹارگٹ کا تقریباً 54%بنتا ہے۔ لگژری ٹیکس کی وصولی پچھلے سال کے مقابلے میں دسمبر 2018تک 156%سے زیادہ ہے۔ اگر ٹیکس ادائیگی میں عوام کو کہیں بھی کوئی مسئلہ درپیش آئے تو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق میں ہر وقت عوام کی شکایات سننے کے لئے موجود ہوں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر اوپن ڈور پالیسی پر بھی عمل کیاجارہا ہے اس لئے عام آدمی کے مسائل بھی فوری حل کیے جاتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں