سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا نام عدلیہ کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، ایم شاہ زید خان

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:49

لاہور۔19 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) تحریک انصاف کے سینئر رہنما ایم شاہ زید خان نے کہاہے کہ سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا نام پاکستان کی عدلیہ کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس کا دور ایک سنہری دور رہا ہے انہوں نے اپنے اس کیرئیر کے دوران جہاں تک ممکن ہو سکا عوام کو ریلیف فراہم کیا، پانی جیسے اہم بنیادی انسانی مسئلے کو حل کرنے کیلئے ڈیم کی تعمیر کیلئے فنڈز اکٹھا کرنے جیسی تاریخی تحریک چلانے کا کریڈٹ بھی انہی کو جاتا ہے، انہوں نے حقیقی معنوں میں آئین و قانون کی بالادستی کو قائم کیا اور وہ لوگ جو خود کو قانون سے بالا تر سمجھتے تھے توان کو نہ صرف قانون کے کٹہرے میں لائے بلکہ انہیں قانون کے مطابق سزائیں بھی دیں، وہ اپنے فیصلوں سے کمزور طبقات کیلئے انصاف کا مرکز بنے رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سابق چیف جسٹس نے ہر طبقے کی بات کو نہ صرف سنا بلکہ انہیں انصاف بھی فراہم کیا ان کی وجہ سے کسی بھی طاقتور کو کمزور پر ظلم کرنے کی ہمت نہ ہوئی ،انہوں نے از خود نوٹس کے ذریعے عوام کو تیز رفتار انصاف مہیا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میاں ثاقب نثار حقیقی معنوں میں مظلوم طبقات کیلئے امید کی کرن تھے، انہوں نے اپنے کئیرئر میں قانون کی حکمرانی کو منوایا اور طاقتور کو بتایا کہ وہ بھی قانون پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہیں ان کے تاریخی فیصلوں کی وجہ سے آج ہر طبقے کو ریلیف ملا۔انہوں نے مزید کہاکہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے تاریخی اقدامات کرکے حقیقی معنوں میں پاکستانی عوام کے دل جیتے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں