لاہور ہائیکورٹ ،حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت

ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے نیب کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت مانگ لی

منگل 26 مارچ 2019 21:58

لاہور ہائیکورٹ ،حمزہ شہباز کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کیخلاف درخواست پر سماعت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) لاہور ہائیکورٹ میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اشتیاق اے خان نے نیب کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کر لی۔جسٹس فرخ عرفان خان نے حمزہ شہباز کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے درخواست پر سماعت 12 اپریل تک ملتوی کر دی ۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا ریکارڈ گاڑیوں میں بھر کر آئے گا ۔

(جاری ہے)

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آج اقتدار والوں نے کل اپوزیشن میں بھی آنا ہے۔عدالتوں اور نیب کو سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ نیب کے وکیل نے بتایا کہ حمزہ شہباز کے خلاف نیب نے رمضان شوگر مل میں ریفرنس بھی دائر کر دیا ہے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے درخواست گزار کو ریفرنس کی کاپی کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دیا تھا ۔ درخواست گزار وکیل کا موقف ہے کہ حمزہ شہباز نیب میں زیر سماعت انکوائری میں شامل تفتیش ہے۔حمزہ شہباز نیب کے ساتھ تفتیش مکمل تعاون کررہا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت حمزہ شہباز کا نام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں