شہر کی متعدد شاہرائوں ،چوکوں میں بارش کے پانی اور پھسلنے کے باعث ٹریفک سست رفتاری سے رواں دواں رہی،سی ٹی او

پیر 15 جولائی 2019 23:52

لاہور۔15 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2019ء) سٹی ٹریفک پولیس گزشتہ روز لاہور شہر میں ہونے والی تیز بارش کے دوران بھی ٹریفک کی روانی کو یقینی بناتے اور شہریوں کی مدد کرتے نظر آئی، سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک کی ہدایت پر ایس پی ٹریفک سردار محمد آصف خاں اور ایس پی سٹی آصف صدیق سمیت تمام سرکل افسران اور ٹریفک وارڈنز سڑکوں پر موجود رہے،والٹن روڈ،قینچی،اک موریہ،گلاب دیوی،لاہور بریج ،ٹمبر مارکیٹ،سمن آباد سمیت دیگر شاہرائوںپر پانی کھڑا رہا،وارڈنز بارش کے پانی میں کھڑے ہوکر ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔

فیروز پور روڈ قینچی چونگی اور اک موریہ پر گٹروں پانی نکلنے سے ٹریفک کا زیادہ مسئلہ رہا،تاہم سٹی ٹریفک پولیس کی طرف سے نشیبی سڑکوں پر اضافی وارڈنز تعینات کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں دواں رکھا گیا، بارش کے دوران وارڈنز پانی میں بند گاڑیوں کو دھکے لگاتے نظر آئے، اس موقعہ پر چیف ٹریفک آفیسر کا کہناتھا کہ ہم نے شہریوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں، موسمی حالات جیسے بھی ہوں ٹریفک وارڈنز ہمیشہ شہریوں کی سہولت کیلئے موجود رہیں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں سی ٹی او کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک نے کہاکہ شہر بھر میں اک موریہ ،شاہدرہ چوک پر تعمیراتی کاموں کے باعث روڈ پر ٹریفک کا دبائو بڑھ گیا ہے،جسے اضافی نفری تعینات کرتے ہوئے کلیئر رکھا جا رہا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں