ڈی جی اینٹی کرپشن کی زیر صدارت محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے اجلاس

سرکاری اراضی پر قابض مافیا کے خلاف کاروائی ہوگی‘اعجاز حسین شاہ

بدھ 17 جولائی 2019 23:40

لاہور۔17 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2019ء) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب اعجاز حسین شاہ کی زیر صدارت محکمے کے افسران کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ کیلئے اہم اجلاس ہوا جس میں ایڈیشنل ڈی جی عبد الرب سمیت راولپنڈی، لاہور، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، گوجرانوالہ ریجنزسے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں محکمے کے مرکزی اور ریجنل دفاتر میں کام کرنے والے افسران کی ماہانہ کارکردگی پر تفصیلا رپورٹ لی گئی‘راولپنڈی، لاہور، ملتان، سرگودھا، فیصل آباد،ساہیوال،گوجرانوالہ ریجن سے آئے افسران نے ڈی جی اینٹی کرپشن کو مختلف کیسوں پر بریفنگ بھی دی اورگزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب اعجاز حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بے نامی اثاثہ جات کی 6انکوائریاں کر رہے ہیں‘ایف بی آر سے بھی معلومات کا تبادلہ کریں گے‘تمام ریجنل افسران 10روز میں انکوائریوں کی فہرست مکمل کریں گے‘افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لیے تربیتی کورسز کرارہے ہیں‘محکمے میں تربیت یافتہ تحقیقاتی افسران کی کمی ہے‘وزیر اعظم کو 3ماہ کی رپورٹ پیش کی جائے گی‘ سرکاری اراضی پر قابض مافیا کے خلاف کاروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ 3ماہ کے دوران 16ارب کی ریکوری کرا چکے ہیں‘ سنگین جرائم سے متعلقہ کیسوں پر کام میں تیزی لائی جائے۔انہوں نے کہاکہ افسران کی کارکردگی اور محنت کے موئژ نتائج بھی نظر آنے چاہئیں۔ اعجاز حسین شاہ نے کہا کہ تمام اہم کیسوں سے متعلق جاری پیشرفت پر باقاعدہ رپوٹ پیش کی جائے‘کسی بھی ملزم کو اس کے قانونی حق سے محروم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کا مقصد کسی کا استحصال کرنا نہیں‘ناقص کرکردگی پر افسران کو تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں