پاکستان میں معاشی ترقی کے لیے وسائل و صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں: فائونڈرز گروپ

جمعہ 28 فروری 2020 21:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 فروری2020ء) فائونڈرز گروپ کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایک عشائیے کا اہتمام کیا گیا جس میں فائونڈرز گروپ کے عہدیداروں، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور لاہور کی تجارتی مارکیٹوں کے تاجروں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ فائونڈرز گروپ کی جانب سے دئیے گئے اس عشائیے کا مقصد نیٹ ورکنگ کو مزید مضبوط بنانا اور کاروباری و معاشی امور پر ان سے مشاورت کرنا تھا۔

چیئرمین فائونڈرز گروپ طارق حمید نے خطاب کرتے ہوئے تاجروں کی اہمیت، پاکستان کی صلاحیتوں، معاشی چیلنجز ، علاقائی تجارت اور برآمدات بڑھانے سمیت دیگر امور پر تفصیل سے اظہار خیال کیا۔ فائونڈرز گروپ کے لیڈرز نے کہا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، یہ معاشی طور پر ترقی کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے لیکن اس کے لیے صرف درست سمت متعین کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پائیدار ترقی کرنے کے لیے ایکسپورٹ بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لیے نہ صرف علاقائی ممالک پر فوکس کرنا ہوگا بلکہ غیر روایتی مارکیٹوں کو بھی جیتنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ کرنے والے انڈسٹری کو مراعات دینے کی ضرورت ہے تاکہ یہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں زیادہ جگہ جیت سکے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے لیے یوٹیلٹی پرائسز کم کی جائیں اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت دیکر کاروباری ماحول آسان بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان تمام فیکٹرز پر قابو پایا جائے جو پاکستانی کی صنعتی ترقی اور برآمدات کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے متعلق حکومت کو تاجروں کے جائز مطالبات تسلیم کرنے چاہئیں تاکہ ملک میں کاروبار دوست ماحول یقینی بنایا جاسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں