حادثات کی روک تھام اورسیفٹی کو فروغ دینے کیلئے رویوں میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے، ڈاکٹر رضوان نصیر

جمعرات 2 دسمبر 2021 17:42

لاہور۔2دسمبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 02 دسمبر2021ء) :ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ نے ماہ نومبر2021  کے دوران پنجاب بھر میں سات منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ 113911ایمرجنسیز کو رسپانڈ کرتے ہوئے109566متاثرین کو سروسزفراہم کیں۔113911 ایمرجنسیزمیں 33474 روڈ ٹریفک حادثات، 65723میڈیکل ایمرجنسیز، 1575آتشزدگی کے واقعات، 2675جرائم کے واقعات، 46 ڈوبنے کے واقعات، 27عمارتیں گرنے، 19 دھماکے اور 10372 متفرق آپریشن شامل ہیں۔

وہ جمعرات کے روز پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ماہانہ جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں ریسکیو ہیڈ کوارٹرز اور ایمرجنسی سروسز اکیڈمی کے تمام ونگز کے سربراہان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی مانیٹرنگ سیل کے سربراہ نے ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیرکو ماہانہ ایمرجنسی کے اعدادوشمار سے آگاہ کیا۔

انہیں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پنجاب میں 33474 روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 420 افراد جاں بحق ہوئے۔ ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر ٹریفک حادثات 8311 لاہور میں ہوئے جن میں 51 افراد ہلاک ہوئے۔ اسی طرح ملتان میں 2550، فیصل آباد میں 2499، گوجرانوالہ میں 1963، راولپنڈی میں 1292اوربہاولپور میں 1225روڈ ٹریفک حادثات پیش آئے۔اسی طرح آگ کے زیادہ تر واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 320، فیصل آباد میں 128، راولپنڈی میں 108، ملتان میں 73، گوجرانوالہ میں 69 اورحیم یار خان میں 56 رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹر رضوان نے ایمرجنسی کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران33474روڈ ٹریفک حادثات میں 420 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے موٹر سائیکل سواروں سے درخواست کی کہ وہ روڈ سیفٹی اقدامات اپنائیں اور اپنی حد رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری ٹریفک قوانین پر پیرا ہوں اور ہمیشہ انتہائی بائیں لائین میں گاڑی چلائیں۔

ڈاکٹررضوان نصیرنے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو کبھی بھی موٹر سائیکل یا گاڑی چلانے کی اجازت ہرگزنہ دیں۔ ڈاکٹر رضوان نے مزید کہا کہ حادثات کی روک تھام اور سیفٹی کلچر کو کو فروغ دینے کے لیے رویوں میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کوحادثات سے بچااور سیفٹی کو فروغ دینے کیلئے ریسکیو 1122کا ساتھ دینا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں