وفاقی حکومت کی وزارتوں، صوبوں کو فاضل رقم سے دستبردار ہونے کی ہدایت

فاضل رقم سے دستبردار ہو کر وفاق کے واحد ٹریژری اکائونٹ میں جمع کروائیں،اطلاق تمام پبلک سیکٹر اداروں پر بھی ہوگا

منگل 24 مئی 2022 16:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، محکموں، چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو حکم دیا ہے کہ وہ اپنے ورکنگ کیپیٹل اور سرمایہ کاری کے لیے رکھی گئی فاضل رقم سے دستبردار ہو کر وفاق کے واحد ٹریژری اکائونٹ میں جمع کروائیں،فیصلے کا اطلاق تمام پبلک سیکٹر اداروں پر بھی ہوگا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق میمورنڈم کے ذریعے وزارت خزانہ نے ہدایت دیں کہ سپریم کورٹس اور تمام ہائی کورٹس کے رجسٹرار، سینیٹ، قومی اسمبلی، تمام فوجی اداروں کے اکائونٹس کنٹرولر کو کہا ہے کہ وہ جولائی 2003 سے جاری تمام نوٹیفکیشن جو اداروں کو فاضل رقم اور ورکنگ کیپیٹل اپنے اکائونٹس میں رکھنے کی اجازت دیتے ہیں فوری طور پر واپس لے لیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا کہ پبلک سیکٹر اداروں کو ورکنگ بیلنس رکھنے کی دی گئی منظوری بھی واپس لے لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت خزانہ نے حکم میں وضاحت کی کہ آئین کا آرٹیکل 78 بتاتا ہے کہ وفاقی حکومت کے لیے وصول کیے جانے والے تمام فنڈز کو یا تو فیڈرل کنسولیڈیٹ فنڈ یا وفاقی پبلک اکائونٹ میں جمع کروانے ہوتے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ ایف سی ایف اور پی اے ایف دونوں کے کیش بیلنس کو مرکزی بینک میں اکائونٹ نمبر ایک میں رکھا جاتا ہے جبکہ آرٹیکل 79 کے تحت مرکزی اکائونٹ سے رقم وصولی یا ادائیگی کو پارلیمان کے ایکٹ کے ذریعے منظم کیا جاتا ہے۔

وزیر خزانہ نے تمام متعلقہ اداروں کو یاد دہانی کروائی ہے کہ پارلیمان نے پبلک فنانس مینجمنٹ ایکٹ2019 میں نافذ کردیا تھا، ایف سی ایف اور پی اے ایف کے تمام معاملات اب اسی سے کنٹرول ہوتے ہیں۔ایف سی ایف اور پی اے ایف کے آپریشن کی تمام ذمہ داری وفاقی حکومت کی نگرانی میں فنانس ڈویژن کے تحت ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں