پنجاب کے 12کروڑ عوام کیلئے محکمہ معدنیات میں کسی جائز کام میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے‘سردار شیر علی گورچانی

جنوبی پنجاب کے قبائلی علاقے معدنیات کے خزانوں سے بھرے پڑے ہیں،ماضی میں پہنچائے گئے نقصان کی تلافی کی جائیگی

بدھ 27 مارچ 2024 23:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) صوبائی وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی نے کہا ہے کہ پنجاب کے 12کروڑ عوام کے لئے محکمہ معدنیات میں کسی جائز کام میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے،بدقسمتی سے گزشتہ ادوار میں محکمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا، ہمارے جنوبی پنجاب کے قبائلی علاقے معدنیات کے خزانوں سے بھرے پڑے ہیں،ماضی میں اس محکمے کو پہنچائے گئے نقصان کی تلافی کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر معدنیات نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانوں کی لیزنگ کا عمل شفاف اور منصفانہ کریں گے تاکہ زیرزمین معدنی خزانوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔ میرٹ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ تمام ٹھیکا جات کو پہلے مشتہر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پنک سالٹ (ہمالین سالٹ) ہمارا خزانہ ہے۔ کسی اور ملک کو اس سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

فیلڈ آفسز کو مستحکم کیا جائے گا۔ خالی آسامیوں پر بھرتیاں کرنا بھی بہت ضروری ہے تاکہ محکمانہ کاموں میں تاخیر نہ ہو۔ رواں سال ریونیو جنریشن کا ٹارگٹ انشاء اللہ جلد مکمل کر لیں گے۔ اجلاس میں مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے منسلک اداروں کے سربراہان ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق الرحمان خان، کمشنر مائنز لیبر ویلفیئر و چیف انسپکٹر آف مائنز ریاض احمد چودھری، ڈی جی مائنز رانا عبدالشکور اور ایم ڈی پنجمن زبیر حسین کھرل شریک ہوئے۔تمام اداروں کے سربراہان نے صوبائی وزیر کو محکمانہ بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے تمام محکموں کی کارکردگی کو سراہا اور مزید بہتری کے لیے اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں