فوڈ سیفٹی ٹیموں کا سنیکس یونٹ پر چھاپہ ،1500کلو گندے آئل سے تیار ایکسپائر پاپڑ تلف

سنیکس کو دلکش پیکنگ لگا کر لاہور اور ملحقہ علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا‘ عاصم جاوید

ہفتہ 27 اپریل 2024 15:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صحت دشمن عناصر کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے ، فوڈ سیفٹی ٹیموں نے چائنہ روڈ پر واقع سنیکس یونٹ پر چھاپہ مار کر 1500کلو گندے آئل سے تیار ایکسپائر پاپڑ تلف کرکے 2لاکھ جرمانہ عائد کر دیا ۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ سنیکس یونٹ میں ناقص، زائد المیعاد آئل سے پاپڑ تیار کر کے پیک کیے جارہے تھے، یونٹ میں صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات، حشرات کی بھرمار پائی گئی، انتہائی لازم آئل تبدیلی ریکارڈ، فیفو ریکارڈ اور ملازمین کے میڈیکل عدم موجود پائے گئے،بدبودار ماحول میں پاپڑ تیاری کے بعد ٹوٹے فرش پر بغیر ڈھانپے رکھے پائے گئے۔

انہوں نے بتایا کہ لیبل پر درج اجزا اور سنیکس کی تیاری میں استعمال ہونے والے اجزا مختلف پائے گئے، حفضان صحت کی سنگین خلاف ورزیوں پر 1500کلو مضر صحت پاپڑ تلف کر کے بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

سنیکس کو دلکش پیکنگ لگا کر لاہور اور ملحقہ علاقوں کی چھوٹی بڑی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ ناقص زائد المیعاد آئل کا استعمال دل کے عارضے اور موذی امراض میں مبتلا کرتا ہے، وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی ہدایت پر خوراک کے معیار میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب میں صحت دشمن کاروبار کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرینس کے تحت کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں