لاہور، زائد نرخوں پر روٹی فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری، 817 افراد گرفتار

جمعہ 19 اپریل 2024 19:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) لاہور میں مقررہ سے زائد نرخوں پر روٹی فروخت کرنے والوں کےخلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔اس دوران گزشتہ 5 روز میں817 افراد کو گرفتار، 347 مقدمات درج اور ایک کروڑ 17 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ روٹی زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائیوں سے متعلق رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان کی زیرصدارت سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ اجلاس کے دوران پیش کی گئی۔

اجلاس میں صنعت اور خوراک کے محکموں کے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ روٹی کی قیمت میں کمی عوام کو ریلیف کی فراہمی کےلئے پنجاب حکومت کا بہت بڑا اقدام ہے،مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی اور دیگر اخراجات کو مد نظر رکھ کر روٹی کی نئی قیمت مقرر کی گئی،زائد قیمت پر فروخت کا کوئی جواز نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قیمتوں کی مانیٹرنگ کےلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک رہیں۔سیکرٹری صنعت نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ اب تک 22 ہزار سے زائد تندوروں کی انسپکشنز اور94 تندوروں کو سیل کیا گیا ہے۔

لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد سمیت 10 اضلاع میں روٹی کی قیمت 16 روپے مقرر کی گئی ہے،26 اضلاع میں روٹی کی قیمت15 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان اور راجن پور میں روٹی کی قیمت13 روپے،مظفر گڑھ اور کوٹ ادو میں12 روپے مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تندوروں پر نئی قیمتوں کے پینا فلیکس آویزاں کر دیئے گئے ہیں،زائد نرخوں سے متعلق شکایات قیمت پنجاب ایپ یا شکایات سیل کے نمبر 080002345 پر درج کرائی جا سکتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں