آئی جی پنجاب کا نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ ، جھنگی چیک پوسٹ پر حملہ کے غازی جوانوں کی عیادت کی

جمعرات 2 مئی 2024 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ڈیرہ غازی خان میں جھنگی (حضرت عمر فاروق) چیک پوسٹ پر حملے کے غازی اہلکاروں کی عیادت کے لیے نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا ، زیر علاج جوانوں کی عیادت اور جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ۔ آئی جی پنجاب نے جوانوں کی بہادری پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور ہدایت کی کہ زیر علاج تمام غازی اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

آئی جی نے کہا کہ جوانوں نے دہشت گردوں کو ایک بار پھر پسپا کر کے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیئے ہیں، دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے اور حملے پسپا کرنے پر بہادر جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ آئی جی نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے جوان ہمارا فخر ہیں، قوم کے تحفظ کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کسی بھی قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملائیں گے ۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ جھنگی (حضرت عمر فاروق) چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں 07 پولیس جوان زخمی ہوئے جن میں سے03 جوانوں کا تعلق ایلیٹ فورس ملتان اور وہ نشتر ہسپتال میں زیر علاج ہیں، زیر علاج جوانوں میں اے ایس آئی عمران، کانسٹیبل شاہد منظور اور محمد طارق شامل ہیں ۔ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان، کمشنر ملتان مریم خان، ایم ڈی سیف سٹی اتھارٹیز ڈی آئی جی محمد احسن یونس، آر پی او ملتان کیپٹن (ر) محمد سہیل چودھری، سی پی او ملتان صادق علی اور ایس ایس پی آپریشنز ملتان ارسلان زاہد آئی جی پنجاب کے ہمراہ تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں