شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی

ہفتہ 20 اپریل 2024 19:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2024ء) لاہور پولیس کے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ادا کر دی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور،سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ، ڈی آئی جی (آپریشنز)سید علی ناصر رضوی،ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن)ذیشان اصغر، سینئرافسران اور اہلکاران نے نماز جنازہ ادا کی۔

تھانہ باغبانپورہ میں تعینات کانسٹیبل عمران حیدر نے فرض کی ادائیگی کے دوران ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کیا۔ سی سی پی او لاہور نے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر کانسٹیبل عمران حیدر کی روح کے ایصال ِ ثواب کیلئے دعا کی گئی، پولیس کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

سی سی پی اوبلال صدیق کمیانہ نے شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔شہید کانسٹیبل عمران حیدرکا تعلق اعوان ڈھائے والا ، باٹا پورسے ہے،شہید کے پسماندگان میں اہلیہ اورآٹھ بچے شامل ہیں۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور دیگر سینئر پولیس افسران نے شہید کانسٹیبل عمران حیدرکے اہل خانہ سے تعزیت کی اور شہید کی فرض شناسی کو سراہا۔

انہوںنے ڈاکوئوں سے مقابلہ کے دوران زخمی ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل دلدار حسین کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایات جاری کیں۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ کانسٹیبل عمران حیدرنے شہادت کا بلند رتبہ پایا ہے،شہید کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کے دلیر جوانوں پر ناز ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل عمران حیدر نے فرض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرکے محکمہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔

سی سی پی او لاہور نے کہا کہ شہید کانسٹیبل عمران حیدر لاہور پولیس کا قیمتی سرمایہ اور بہادری کی اعلیٰ مثال ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل عمران حیدرکے اہل ِ خانہ کی فلاح و بہبودمحکمہ پولیس کی ذمہ داری ہے، محکمہ پولیس شہید کانسٹیبل عمران حیدر کے اہل خانہ کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ زندگی کے کسی موڑ پر عمران حیدر کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں