پنجاب بھر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 596 افراد شدید زخمی ہو گئے

منگل 23 اپریل 2024 22:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اپریل2024ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1317 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 596 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 789معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (73فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 696 ڈرائیوز، 49کم عمرڈرائیور، 502 مسافر اور 194 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 270 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 284 متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 106 حادثات میں 113 متاثرین کے ساتھ دوسرے ملتان 85 حادثات میں 87متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1385 متاثرین میں 1099 مرد اور 293 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 205 افراد کی اوسط عمر 18سال سے کم اور 780افراد کی اوسط عمر 18سے 40 سال کے درمیان جبکہ 407 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1152 موٹر سائیکلز، 87 آٹو رکشے، 125 کاریں، 32 وین، 05 مسافر fبسیں ، 26 ٹرک اور 141 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں