خاتون پر تشدد کیس: 3 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع

بدھ 24 اپریل 2024 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2024ء) لاہور کی سیشن کورٹ نے خاتون پر تشدد کرنے اور ہراساں کرنے کے مقدمے میں ملزم غلام فرید، حافظ یاسر اور حافظ ناصر کی عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے تفتیشی افسر کو تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج ساحر اسلام نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت مقدمے کے مدعی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے اہلیہ کو گھر میں گھس کر تشدد کا نشانہ بنایا، اہلیہ پر بچوں کے سامنے تشدد کیا گیا اور ملزمان کی جانب سے دھمکیاں دی جا رہی ہیں، عدالت ملزمان کی ضمانتیں خارج کرنے کا حکم دے۔

ملزمان کے وکلا نے موقف اختیار کیا کہ پولیس نے حقائق کے منافی مقدمہ درج کیا، عدالت عبوری ضمانت منظور کرے۔ عدالت نے کارروائی کرتے ہوئے تینوں ملزمان کی چار مئی تک عبوری ضمانت میں توسیع کر دی اور تفتیشی سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی۔ ملزمان کے خلاف تھانہ ہنجروال پولیس نے مقدمہ درج کر رکھا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں